by Rao Imran Suleman
Rao Nama

ایران جنگ،امریکا کو شدید عسکری اور معاشی نقصان پہنچا،امریکی محکمہ دفاع

واشنگٹن: امریکی محکمہ دفاع کے انسپکٹر جنرل کی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ایران کے ساتھ جنگ کے دوران امریکا کو بڑے پیمانے پر عسکری اور معاشی نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔

رپورٹ کے مطابق جنگ کے دوران امریکا نے تقریباً 33 ارب 40 کروڑ ڈالر خرچ کیے، جس میں سے 22 ارب 30 کروڑ ڈالر جنگ میں استعمال ہونے والے گولہ بارود پر خرچ ہوئے۔

امریکی محکمہ دفاع کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جنگ کے دوران 20 ہزار سے زائد امریکی فوجیوں اور سفارتی اہلکاروں کو خطے سے نکالا گیا، جبکہ یورپ میں موجود امریکی اڈوں سے جنگی معاونت کے لیے تقریباً 5 ہزار پروازیں بھی کی گئیں۔

رپورٹ کے مطابق عراق، کویت، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات میں امریکی تنصیبات اور دیگر عسکری سرگرمیوں کے باعث امریکا کو 20 کروڑ 80 لاکھ ڈالر سے زائد کا مالی نقصان بھی برداشت کرنا پڑا۔

انسپکٹر جنرل کی رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ جنگ کے دوران 30 امریکی ڈرونز تباہ ہوئے، جبکہ ایف 15، ایف 35 اور اے 10 سمیت متعدد جنگی طیاروں کو بھی نقصان پہنچا یا تباہ کیا گیا۔

رپورٹ میں یہ دعویٰ بھی سامنے آیا کہ ایران نے بحرین میں امریکی بحریہ کے مرکزی لاجسٹکس مرکز کو نشانہ بنا کر تباہ کردیا۔

امریکی محکمہ دفاع کے مطابق پینٹاگون جنگ کے بعد ہتھیاروں کی خریداری اور تیاری کے عمل کو تیز کرنے پر کام کر رہا ہے، جبکہ اہم جنگی سازوسامان کے ذخائر میں اضافے کی کوششیں بھی جاری ہیں۔

کانگریس کی ہدایت پر تیار کی گئی اس رپورٹ میں ایران جنگ کے ابتدائی چار ماہ کے دوران ہونے والے اخراجات، عسکری نقصانات اور دیگر اثرات کا جائزہ پیش کیا گیا ہے۔

PNP

Comments are closed.