by Rao Imran Suleman
Rao Nama

امریکا کی ایرانی حکام کو نیویارک میں لگژری خریداری سے روکنے کی وارننگ

واشنگٹن: امریکا نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کیلئے نیویارک آنے والے ایرانی حکام پر لگژری اشیا کی خریداری کی پابندی برقرار رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان ٹامی پیگوٹ نے کہا کہ ایرانی مشن کے اہلکار، نیویارک آنے والے ایرانی عہدیدار اور ان کے زیر کفالت افراد لگژری اشیا خریدنے یا بعض ہول سیل کلبز کی رکنیت حاصل کرنے کے مجاز نہیں ہوں گے۔

امریکی ترجمان نے نیویارک کے تاجروں کو بھی پابندیوں کی خلاف ورزی سے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی وفد کو جنرل اسمبلی کے اجلاس کے دوران لگژری خریداری کیلئے امریکا کے دورے کو استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

یہ پابندیاں ایسے وقت میں سامنے آئی ہیں جب واشنگٹن نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان اور وزیر خارجہ عباس عراقچی سمیت ایرانی وفد کے اہم ارکان کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کیلئے ویزے دینے کی منظوری دی ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق ایرانی وفد کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے ہائی لیول ہفتے میں شرکت کی اجازت میزبان ملک کی ذمہ داریوں کے تحت دی گئی ہے، تاہم وفد کو سفر اور خریداری سے متعلق پابندیوں کا سامنا رہے گا۔ اس سال ایرانی وفد کا حجم گزشتہ برسوں کے مقابلے میں محدود رکھا گیا ہے۔

امریکا اور ایران کے درمیان جاری شدید کشیدگی کے باوجود ایرانی حکام کو جنرل اسمبلی اجلاس میں شرکت کی اجازت دینا دونوں ممالک کے درمیان سفارتی رابطوں کے حوالے سے اہم پیش رفت کے طور پر سامنے آیا ہے۔

PNP

Comments are closed.