کیا بھارتی ٹیمیں محسن نقوی سے ایشین گیمز کے تمغے وصول کریں گی؟ بی سی سی آئی نے خاموشی توڑ دی
بھارتی مرد اور خواتین دونوں ٹیموں نے گزشتہ ایشین گیمز میں طلائی تمغے جیتے تھے اور اس سال آئچی-ناگویا 2026ء میں بھی انہیں گولڈ میڈل کے لیے مضبوط امیدوار سمجھا جا رہا ہے۔
ایشیاء کپ کی ٹرافی کا تنازع مسلسل 2 سال سے جاری ہے، حال ہی میں ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے چیئرمین محسن نقوی سے بھارتی خواتین کی فاتح ٹیم نے ٹرافی وصول کرنے سے انکار کر دیا۔
واضح رہے کہ بھارتی مردوں کی ٹیم نے بھی گزشتہ سال چیئرمین اے سی سی محسن نقوی سے ایشیاء کپ کی ٹرافی اور تمغے وصول نہیں کیے تھے۔
بھارتی ٹیمیں محسن نقوی سے تمغے کب وصول کریں گی؟
بھارتی میڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق اگر اولمپک کونسل آف ایشیاء (OCA) محسن نقوی کو تمغے پیش کرنے کی ذمے داری دیتی ہے تو بھارتی ٹیمیں ان سے تمغے وصول کریں گی، لیکن اگر بھارتی ٹیمیں انکار کرتی ہیں تو ان کے انکار کو او سی اے اور اس کے مجاز نمائندے کی بے توقیری تصور کیا جا سکتا ہے، جس پر تادیبی کارروائی بھی ہو سکتی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے بی سی سی آئی کے سیکریٹری دیواجیت سائکیا نے کہا ہے کہ بورڈ کی توجہ فی الحال صرف میچوں پر مرکوز ہے، جب صورتِ حال سامنے آئے گی، تب ہم اس سے نمٹیں گے۔
ایشین گیمز میں تمغے پیش کرنے کا طریقہ کار کیا ہے؟
او سی اے کے آئین اور قواعد کے آرٹیکل 66 کے تحت ’وکٹری اینڈ میڈلز سیرمنی‘ کے عنوان کے تحت فاتحین کو تمغے او سی اے کے صدر پیش کرتے ہیں، تاہم صدر کو یہ ذمے داری او سی اے کے دیگر ارکان کو سونپنے کا اختیار بھی حاصل ہے۔
قواعد میں کہا گیا ہے کہ کھیلوں کی فتح کی تقریب کے دوران کسی بھی قسم کا مظاہرہ یا تجارتی، سیاسی، مذہبی یا نسلی پروپیگنڈا کرنے کی اجازت نہیں ہے۔
PNP
Comments are closed.