by Rao Imran Suleman
Rao Nama

پاکستان اور فرانس کا تجارت، سرمایہ کاری اور تعلیمی روابط بڑھانے پر اتفاق

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے نیو یارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے موقع پر فرانسیسی وزیر برائے یورپ و خارجہ امور ژاں نوئل باروٹ سے ملاقات کی۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات میں پاکستان اور فرانس کے دوطرفہ تعلقات، علاقائی و عالمی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اسحاق ڈار نے سیاسی روابط، تجارت و سرمایہ کاری، تعلیمی روابط اور عوامی سطح پر رابطوں کے ذریعے دو طرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اظہار کیا۔

نائب وزیراعظم نے اسرائیلی بستیوں سے درآمدات محدود کرنے کے فرانس کے فیصلے کا بھی خیرمقدم کیا اور دو ریاستی حل کے لیے فرانس کی کوششوں کو سراہا۔

دونوں رہنماؤں نے اس بات پر زور دیا کہ مسئلہ فلسطین عالمی ایجنڈے میں بدستور ترجیحی حیثیت رکھے اور منصفانہ، پائیدار اور جامع حل کے لیے عالمی کوششیں جاری رہیں۔

ملاقات میں ایران کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، جس میں سفارتی رابطے جاری رکھنے اور علاقائی سطح پر بحران کے حل کے لیے کوششوں کی اہمیت پر زور دیا گیا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر عملدرآمد کی اہمیت اجاگر کی۔

ملاقات میں سمندری ٹریفک کی محفوظ اور بلا تعطل روانی اور توانائی کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔

فرانسیسی وزیر خارجہ نے خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہا اور علاقائی چیلنجز کے حل اور مکالمے کے فروغ کے لیے علاقائی فورمز سے استفادہ کرنے کی اہمیت پر اتفاق کیا۔

دونوں جانب سے باہمی دلچسپی کے دوطرفہ اور علاقائی امور پر قریبی رابطہ برقرار رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔



PNP

Comments are closed.