کراچی (پی این پی) شیرشاہ کے علاقے میں پولیس نے 4 روز قبل شہری سے 58 لاکھ 75 ہزار روپے چھیننے کی واردات میں ملوث ایک ڈاکو مبینہ مقابلے کے دوران زخمی حالت میں گرفتار کرلیا اور ان کے قبضے سے 13 لاکھ روپے نقدی اور اسلحہ برآمد کرلیا۔
ترجمان ڈسٹرکٹ کیماڑی پولیس کے مطابق شیرشاہ پولیس کا ہفتے کی علی الصبح پراچہ قبرستان کے قریب موٹر سائیکل سوار 2 مسلح ڈاکوؤں سے مقابلہ ہوا، جس میں فائرنگ تبادلے میں پولیس نے ایک ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا جس کی شناخت اکبر عرف عابد سرور کے نام سے کی گئی جبکہ اس کا ساتھی اسماعیل موٹرسائیکل پر فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا جس کی تلاش میں پولیس چھاپے مار رہی ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ گرفتار زخمی ڈاکو کے قبضے سے اسلحہ اور 13 لاکھ روپے نقد برآمد ہوئے ہیں، گرفتار ڈاکو نے اپنے ساتھی کے ہمراہ گزشتہ ماہ 28 ستمبر کو نجی کمپنی کے دو ملازمین جو کہ موٹرسائیکل پر 58 لاکھ 75 ہزار روپے نقدی جمع کرانے جا رہے تھے کہ میراں ناکہ روڈ کے قریب نقدی سے بھرا ہوا بیگ چھین کر فرار ہوگیا تھا جس کا مقدمہ دفعہ 397 چونتیس کے تحت درج کیا تھا۔ڈاکوؤں کو سی سی ٹی وی فوٹیجز اور تکنیکی ذرائع کی مدد سے شناخت کی گئی، گرفتار زخمی ڈاکو نے دوران تفتیش اعتراف کیا ہے کہ وہ بلدیہ ٹاؤن کے علاقے میں چھینا گیا کیش ساتھیوں کے مابین بانٹ کر واپس آرہے تھے جبکہ فرار ہونے والا ڈاکو اس کے ہمراہ واردات میں شامل تھا۔ڈاکوؤں کے گروہ میں دیگر 2 ملزمان بھی شامل ہیں جو واردات کی ریکی اور منصوبہ بندی میں شامل تھے، پولیس دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے کوششیں کر رہی ہے۔
PNP
Comments are closed.