وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے لانگ مارچ کے روٹ کی تبدیلی کا اعلان کردیا، شرکا ءکو اہم ہدایت بھی دیدی
اسلام آباد (پی این پی)پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کے روٹ میں تبدیلی کردی گئی، اب قافلہ کوہاٹ سے خیبر ضلع جائے گا اور وہاں قیام کے بعد پشاور کی جانب روانہ ہوگا۔
کوہاٹ کے یونیورسٹی چوک پر مارچ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے بتایا کہ خیبر ضلع کے عوام نے لانگ مارچ کے شرکا کی میزبانی کی خواہش کا اظہار کیا تھا، جس کے باعث قافلے کا طے شدہ راستہ تبدیل کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ قافلہ منگل کی رات کوہاٹ سے خیبر ضلع پہنچے گا اور اس کے بعد پشاور کا رخ کرے گا۔ اس سے پہلے منصوبہ تھا کہ مارچ کے شرکا کوہاٹ سے براہ راست پشاور جائیں گے اور مٹنی کے قریب رات گزاریں گے۔وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی قیادت میں پی ٹی آئی کا لانگ مارچ تیسرے روز کوہاٹ سے روانہ ہوا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے کوہاٹ کے عوام کی جانب سے استقبال اور حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی اپنے مطالبات سے دستبردار نہیں ہوگی۔
سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ احتجاج کا راستہ اپنانے سے قبل پی ٹی آئی نے تمام آئینی، قانونی اور جمہوری ذرائع استعمال کیے۔ ان کے مطابق پارٹی کے مطالبات میں بانی پی ٹی آئی عمران خان تک رسائی اور انہیں طبی سہولیات کی فراہمی بھی شامل ہے۔پی ٹی آئی کی جانب سے مطالبات کا مسودہ سوشل میڈیا پر بھی جاری کیا جاچکا ہے، جس میں حکومت سے کہا گیا ہے کہ وہ کسی ایک مطالبے کی نشاندہی کرے جو آئین یا قانون سے متصادم ہو۔وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کا لانگ مارچ غیر مسلح ہے اور احتجاج کو پرامن طریقے سے جاری رکھا جائے گا۔
PNP
Comments are closed.