by Rao Imran Suleman
Rao Nama

میر رضا قتل کیس کے جوڈیشل کمیشن کی کارروائی مکمل

کراچی(پی این پی)میر رضا قتل کیس کی تحقیقات کرنے والے جوڈیشل کمیشن نے کارروائی مکمل کر لی۔

روزنامہ جنگ کے مطابق جوڈیشل کمیشن کارروائی سے متعلق رپورٹ وزیرِ اعلیٰ سندھ کو پیش کرے گا۔

جسٹس عمر سیال کی سربراہی میں کمیشن نے کارروائی مکمل کی ہے، کمیشن کے پاس رپورٹ جمع کروانے کے لیے 15 اکتوبر تک کا وقت ہے۔

جوڈیشل کمیشن نے جائے وقوع کے دورے سمیت مجموعی طور پر 15 اجلاس کیے۔

دوسری جانب سی پی ایل سی کے نمائندے نے جوڈیشل کمیشن میں بیان دیا ہے کہ میر رضا کا انٹرنیٹ 4 بج کر 25 منٹ تک آن تھا، ان کے فون پر 4 بج کر 10 منٹ سے 4 بج کر 20 منٹ کے درمیان میپ ایکسز کیا گیا تھا۔

انہوں نے کہا ہے کہ آئی پیز کے لیے این سی سی آئی اے اور ایپل کو خطوط لکھے، کمپنیز آئی پیز کے ذریعے استعمال شدہ نمبر کا پتہ لگا سکتی ہے۔

 کمشین کے سوال پر سی پی ایل سی کے نمائندے نے بتایا ہے کہ میر رضا کا 4 بج کر 7 منٹ پر آن لائن ٹیکسی ڈرائیور سے رابطہ ہوا، کوئی آؤٹ گوئنگ کا ریکارڈ نہیں، انٹرنیٹ کالنگ کا کوئی ریکارڈ نہیں ہوتا، جیو فینسنگ میں بھی کوئی مشکوک سرگرمی ریکارڈ نہیں ہوئی۔

 وکیل جبران ناصر کے سی سی ٹی وی سے متعلق سوال پر سی پی ایل سی نمائندے نے بتایا ہے کہ گلستان جوہر بلاک 1 سے 4 میں سی پی ایل سی کے اپنے کیمرے لگے ہیں، میر رضا صرف 3 کیمروں میں نظر آئے۔

ان کا کہنا ہے کہ جہاں واقعہ ہوا وہ کوریج سے تھوڑا باہر ہے، ویڈیوز میں گاڑیوں کے نمبر نہیں مل سکے، موبائل فون پر سی سی ٹی وی کیمروں کی ویڈیو میں تبدیلی ممکن نہیں۔

واضح رہے کہ جوڈیشل کمیشن کی تشکیل کا نوٹیفکیشن 24 اگست کو جاری ہوا تھا جبکہ کمیشن نے 27 اگست کو کام کا آغاز کیا تھا۔

محکمۂ داخلہ سندھ نے 1 ماہ میں کارروائی مکمل کرنے کا کہا تھا۔

 کیس کا پس منظر

واضح رہے کہ کراچی کا نوجوان میر رضا علی خان 28 جولائی کو پاکستان ایمپلائیز ہاؤسنگ سوسائٹی (پی ای سی ایچ ایس) سے لاپتہ ہوا تھا، وہ صبح 4 بج کر 9 منٹ پر آن لائن ٹیکسی کے ذریعے گھر سے روانہ ہوا تھا، جس کی لاش 2 روز بعد گلستانِ جوہر سے ملی تھی۔

پولیس حکام کے مطابق میر رضا کی لاش بہت بری حالت میں ملی تھی، اس کے سینے میں گولی لگی تھی، لاش ملنے سے 1 روز قبل اس کے تمام سوشل میڈیا اکاؤنٹس بند کر دیے گئے تھے۔

مقتول کے والد کا کہنا تھا کہ میر رضا کا 30 اگست کو گلشنِ اقبال کی بیت المکرم مسجد میں نکاح تھا اور وہ اپنی نئی شروع ہونے والی زندگی کے حوالے سے بہت خوش تھا۔



PNP

Comments are closed.