اے ٹی ایم سے چھیڑخانی کرکے رقم نکلوانے والا 3رکنی گینگ گرفتار
لاہور( پی این پی)تھانہ وحدت کالونی کی حدود میں اے ٹی ایم سے چھیڑخانی کے ذریعے رقم نکلوانے والا 3رکنی گینگ گرفتار کرلیا گیا۔
انویسٹی گیشن پولیس کے مطابق تینوں ملزمان میٹرک فیل ہیں اور انہیں جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ٹریس کرکے چونیاں سے گرفتار کیا گیا۔ ملزمان نے ایک سال کے دوران مختلف علاقوں میں 12 سے زائد وارداتیں کرنے کا انکشاف کیا ہے۔پولیس کے مطابق ملزمان نے اے ٹی ایم مشین میں رقم نکلوانے کے لیے مختلف طریقہ واردات اختیار کر رکھا تھا۔ ایک ملزم اے ٹی ایم میں کارڈ پھنس جانے کا ڈرامہ کرتا، جبکہ باہر کھڑے دو ملزمان انجان بن کر شہریوں سے ضروری معلومات حاصل کرتے تھے۔پولیس کے مطابق ملزمان اے ٹی ایم مشین کا لینگویج موڈ تبدیل کردیتے تھے، جس کے باعث سسٹم کو بحال ہونے میں 10منٹ سے زائد وقت لگتا تھا۔ اس دوران اے ٹی ایم سے رقم نکلوانے کی کوشش کرنے والے شہریوں کے کارڈ مشین میں پھنس جاتے تھے۔
پولیس کے مطابق ملزمان نے ایک خاتون کو نوسربازی کے ذریعے اے ٹی ایم سے 19ہزار روپے نکلوانے کا بھی انکشاف کیا ہے۔ بزرگ خاتون کی درخواست پر تھانہ وحدت کالونی میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔انویسٹی گیشن پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے، جس کے دوران مزید وارداتوں کا بھی انکشاف متوقع ہے۔
PNP
Comments are closed.