by Rao Imran Suleman
Rao Nama

آذربائیجان میں اسکولوں میں حجاب پر پابندی کے خلاف احتجاج،37 افراد گرفتار

آذربائیجان میں اسکولوں کے لباس سے متعلق نئے قواعد کے خلاف احتجاج شدت اختیار کرگیا، جس کے دوران دارالحکومت باکو میں 37 افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔ مظاہروں کی وجہ اسکولوں میں حجاب پہننے پر پابندی اور لباس کے نئے ضوابط بتائے جا رہے ہیں۔

غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق نئے قواعد کے نفاذ کے بعد بعض طالبات کو حجاب پہننے کی وجہ سے کلاسوں میں داخلے سے روکنے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں، جبکہ خواتین اساتذہ سے بھی سر ڈھانپنے والے دوپٹے اتارنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق باکو کے ضلع قرہ داغ میں احتجاج کے دوران مظاہرین نے ایک اسکول کے سربراہ کی گاڑی کو آگ لگا دی، جبکہ ضلع یاسامال میں ایک اسکول کو آگ لگانے کی کوشش بھی کی گئی۔ دونوں واقعات میں کسی شخص کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔

آذربائیجان کی حکومت نے 21 ستمبر کو اسکول یونیفارم سے متعلق نئے ضوابط کی منظوری دی تھی۔ ان قواعد کے تحت ایسے لباس کی اجازت نہیں جسے حکام کے مطابق تعلیمی اداروں کے سیکولر نظام یا یونیفارم کی یکسانیت کے منافی سمجھا جائے۔

رپورٹس کے مطابق 6 اکتوبر سے لباس سے متعلق یہی ضوابط اساتذہ پر بھی لاگو کردیے گئے ہیں۔ نئے قواعد کے خلاف احتجاج اور ان پر عمل درآمد سے متعلق صورتحال پر نظر رکھی جا رہی ہے۔

PNP

Comments are closed.