مدینہ منورہ کی جانب داغا گیا کروز میزائل سعودی فضائی دفاعی نظام نے تباہ کردیا
ریاض: سعودی اتحادی فوج کے ترجمان نے دعویٰ کیا ہے کہ سعودی عرب کے فضائی دفاعی نظام نے مدینہ ریجن میں کروز میزائل کو انٹرسیپٹ کرکے تباہ کردیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق سعودی اتحادی فوج کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ سعودی سرزمین کی جانب داغے جانے کے فوری بعد فضائی دفاعی نظام نے کروز میزائل کا سراغ لگایا اور اس کی نقل و حرکت پر مسلسل نظر رکھی، جس کے بعد اسے مدینہ ریجن میں مار گرایا گیا۔
ترجمان کے مطابق اتحادی کمانڈ دشمن کے فضائی اہداف کا مقابلہ کرنے کے لیے انتہائی مستعد اور مکمل چوکس ہے۔
سعودی اتحادی فوج کے ترجمان نے خطرات کو ناکام بنانے اور شہری تنصیبات سمیت اسلامی مقدسات کے تحفظ کے لیے سخت اقدامات جاری رکھنے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔
حوثی گروپ کی مدینہ منورہ کے علاقے پر میزائل حملہ کرنے کی تردید
دوسری جانب یمن کے حوثی گروپ نے مدینہ منورہ کے علاقے پر میزائل حملہ کرنے کی تردید کرتے ہوئے سعودی عرب کے دعوے کو بے بنیاد قرار دیا ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق حوثیوں کا یہ بیان سعودی عرب کی جانب سے مدینہ منورہ کے علاقے کی طرف آنے والے ایک کروز میزائل کو روک کر تباہ کرنے کے دعوے کے کچھ ہی دیر بعد سامنے آیا۔
حوثی فوجی ترجمان یحییٰ سریع نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ یمنی مسلح افواج نے آج سعودی سرزمین کو نشانہ بنانے کے لیے کوئی کارروائی نہیں کی۔ انہوں نے سعودی عرب کی جانب سے مدینہ منورہ پر حملے کے دعوے کو ’’کھلا اور بے شرمانہ جھوٹ‘‘ قرار دیا۔
PNP
Comments are closed.