والدین سے ملنے سعودی عرب سے آنے والا نوجوان اغوا کے بعد قتل
اسلام آباد (پی این پی)کراچی: سعودی عرب سے والدین سے ملاقات کے لیے پاکستان آنے والے نوجوان زین العابدین کو مبینہ طور پر اغوا کے بعد قتل کر دیا گیا۔ پولیس نے واقعے میں ملوث ہونے کے الزام میں اس کے کزن اور کزن کے دوست کو گرفتار کرلیا ہے، جبکہ ملزمان کی نشاندہی پر نوجوان کی لاش بھی برآمد کرلی گئی۔
پولیس حکام کے مطابق زین العابدین کو کراچی کے علاقے اسٹیل ٹاؤن سے اغوا کیا گیا تھا۔ تفتیش کے دوران مقتول کے کزن فیصل اور اس کے دوست کے ملوث ہونے کا انکشاف ہوا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کی نشاندہی پر لاش برآمد کی گئی، جبکہ فیصل نے دورانِ تفتیش قتل کا اعتراف بھی کیا ہے۔
پولیس کے مطابق نوجوان کی لاش ایک بوری میں بند کرکے ویران مقام پر پھینکی گئی تھی۔ بوری کے اوپری حصے پر پیلے رنگ کا کپڑا بھی باندھا گیا تھا۔
مقتول کے والد نے پولیس کو بتایا کہ ان کا بیٹا سعودی عرب میں درزی کا کام کرتا تھا اور اہل خانہ سے ملاقات کے لیے پاکستان آیا ہوا تھا۔ ان کے مطابق زین العابدین 14 اکتوبر کو موٹر سائیکل پر گھر سے نکلا، لیکن واپس نہ پہنچا۔ کافی تلاش کے باوجود اس کا سراغ نہ ملنے پر انہوں نے اسٹیل ٹاؤن تھانے میں اغوا کا مقدمہ درج کرایا۔
والد کے بیان کے مطابق اغوا کے بعد ملزمان نے فون کرکے سات لاکھ روپے تاوان طلب کیا۔ اہل خانہ رقم لے کر ملزمان کی بتائی ہوئی جگہ پر پہنچے، تاہم وہاں کوئی موجود نہیں تھا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ملزمان ان کے بیٹے کی چپل اور موبائل فون گھر کے باہر پھینک گئے تھے اور بعد ازاں زین العابدین کو قتل کرنے کی دھمکیاں بھی دی گئیں۔
پولیس نے واقعے کی مزید تفتیش شروع کردی ہے تاکہ قتل کے محرکات اور واردات سے متعلق دیگر حقائق سامنے لائے جا سکیں۔
PNP
Comments are closed.