by Rao Imran Suleman
Rao Nama

ریفائنریوں کا فارنسک آڈٹ ہو تو پٹرول 50 روپے فی لیٹر سستا ہو سکتا ہے: پٹرولیم ڈیلرز

کراچی (پی این پی) پٹرولیم ڈیلرز نے ریفائنریوں کے منافع کا فارنسک آڈٹ کرانے کا مطالبہ کر دیا۔

نجی ٹی وی چینل ’’ اے آر وائی نیوز‘‘ کے مطابق پٹرولیم ڈیلرز کا کراچی میں ہنگامی اجلاس ہوا جس میں منافع اور عوامی ریلیف پر غور کیا گیا۔ پٹرولیم ڈیلرز کے عہدیدار ملک خدا بخش نے کہا کہ ریفائنریوں کا فارنسک آڈٹ ہو تو پٹرول 50 روپے فی لیٹر سستا ہو سکتا ہے، ریفائنریوں کے منافع کی حقیقت سامنے لانے کیلئے شفاف فارنسک آڈٹ کرایا جائے۔

 ملک خدا بخش نے کہا کہ ریفائنریوں نےصرف 3ماہ میں سال بھر کے برابر منافع کمایا ہے اور وزیر پٹرولیم کا بیان ہمارے تحفظات کی تصدیق کرتا ہے۔

عہدیدار انورکمال نے کہا کہ عوام کو پٹرول پر 40 سے 50 روپے فی لیٹر تک ریلیف دیا جا سکتا ہے، ریفائنریوں نے مبینہ طور پر ناجائز منافع کمایا اور عوام کو ان کا حق واپس دلایا جائے، تمام ریفائنریوں کے مالی معاملات کا جامع فارنسک آڈٹ کرایا جائے۔

 ڈیلرز نے کہا کہ فارنسک آڈٹ سے ریفائنریوں کے ماضی کے منافع کی حقیقت سامنے آئے گی، مستقبل میں عوام پر اضافی مالی بوجھ ڈالنے کا راستہ روکنا ہو گا، پٹرولیم سیکٹر کی فیصلہ ساز کمیٹیوں میں ڈیلرز کے نمائندے شامل کیے جائیں، پٹرولیم سیکٹر کے اہم اسٹیک ہولڈرز کو پالیسی سازی سے باہر نہ رکھا جائے۔



PNP

Comments are closed.