by Rao Imran Suleman
Rao Nama

کراچی میں بغیر میٹر رکشوں پر پابندی، صرف میٹر والے رکشے چلیں گے

ڈی آئی جی ٹریفک کا اعلان، بغیر میٹر رکشوں کے خلاف کارروائی ہوگی

0

ویب ڈیسک
کراچی: کراچی ٹریفک پولیس نے شہر میں صرف میٹر سے لیس رکشے چلانے کا فیصلہ کر لیا ہے، جبکہ بغیر میٹر والے رکشوں پر پابندی عائد کی جائے گی۔
کراچی پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی آئی جی ٹریفک کراچی پیر محمد شاہ نے کہا کہ جلد رکشوں میں میٹر نصب کرنے کے لیے باقاعدہ تاریخ کا اعلان کیا جائے گا۔ مقررہ مدت کے بعد صرف وہی رکشے سڑکوں پر چل سکیں گے جن میں میٹر نصب ہوگا۔


انہوں نے بتایا کہ رکشوں میں میٹر نصب ہونے کے بعد ان کی باقاعدہ لین مینجمنٹ کی جائے گی، جس کے تحت رکشوں کے لیے مخصوص لین یا پارکنگ پوائنٹس قائم کیے جائیں گے تاکہ ٹریفک کی روانی بہتر بنائی جا سکے۔
ڈی آئی جی ٹریفک کے مطابق رکشہ ڈرائیور صرف مخصوص مقامات سے سواریاں بٹھائیں گے اور مسافروں سے میٹر کے مطابق کرایہ وصول کیا جائے گا، جس سے کرایوں کے تنازعات کا خاتمہ ہوگا۔
پیر محمد شاہ کا کہنا تھا کہ اس منصوبے پر عمل درآمد کے لیے تاریخ رواں یا آئندہ ماہ جاری کی جائے گی، جبکہ رکشہ مالکان کو میٹر نصب کرانے کے لیے دو ماہ کی مہلت دی جائے گی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ کراچی میں ٹریفک نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے کراچی ٹریفک مینجمنٹ کمپنی بھی قائم کی جا رہی ہے، جبکہ چنگچی رکشوں کو مرکزی شاہراہوں سے ہٹانے کے لیے بھی اقدامات جاری ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.