by Rao Imran Suleman
Rao Nama

برطانیہ کے ویزاکا جھانسہ دے کر 52 لاکھ روپے ہتھیانے والی ملزمہ گرفتار

کراچی(پی این پی)وفاقی تحقیقاتی ادارے ( ایف آئی اے )  نے یو کے ویزا کے نام پر 52 لاکھ روپے ہتھیانے، جعلی آئیلٹس سرٹیفکیٹ اور نکاح نامہ فراہم کرنے والی ملزمہ کو گرفتار کر لیا۔

جیو نیوز کے مطابق ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل راولپنڈی نے درج مقدمے پر کارروائی کرتے ہوئے برطانیہ ورک ویزا فراڈ میں ملوث ملزمہ کو گرفتار  کیا، شکایت کنندہ کے مطابق ملزمہ نے انہیں برطانیہ بھجوانے کا جھانسہ دے کر مختلف اوقات میں مجموعی طور پر 52 لاکھ روپے وصول کیے۔ 

ابتدائی تفتیش سے معلوم ہوا کہ ملزمہ نے شکایت کنندہ کو 10 لاکھ روپے کے عوض جعلی آئیلٹس سرٹیفکیٹ فراہم کیا، بعد ازاں ملزمہ نے شادی کا جھانسہ دے کر یو کے ویزا دلوانے کا وعدہ کیا اور اس سلسلے میں جعلی نکاح رجسٹریشن سرٹیفکیٹ اور ای اسٹامپ پیپر معاہدہ بھی فراہم کیا۔

ایک اور ملزم نے مذکورہ معاہدے میں ضامن کا کردار ادا کیا، جب شکایت کنندہ نے رقم واپس مانگی تو ملزمان نے واپسی سے انکار کرتے ہوئے دھمکیاں دیں۔

 تفتیش کے دوران ملزمہ سے 20 لاکھ روپے کی جزوی ریکوری کر لی گئی ہے جبکہ بقیہ رقم کی ریکوری اور دیگر ملوث افراد کے کردار کے تعین کے لیے تفتیش جاری ہے۔



PNP

Comments are closed.