اے ٹی ایم کارڈ کے ذریعے شادی کے لیے 2 لاکھ روپے کیسے ملیں گے؟ طریقہ کار سامنے آگیا
اسلام آباد (پی این پی)پنجاب حکومت کے فلاحی منصوبے ’دھی رانی پروگرام‘ کے تحت مستحق خاندانوں کی بیٹیوں کو شادی کے موقع پر 2 لاکھ روپے کی مالی معاونت فراہم کرنے کے لیے درخواست دینے کا طریقہ کار جاری کردیا گیا ہے۔
پنجاب حکومت نے کم آمدنی والے اور ضرورت مند خاندانوں کی بچیوں کے لیے شادی کے اخراجات میں مدد فراہم کرنے کی غرض سے یہ پروگرام دوبارہ شروع کیا ہے۔ منصوبے کے تحت اہل دلہنوں کو 2 لاکھ روپے بطور سلامی اے ٹی ایم کارڈ کے ذریعے دیے جائیں گے، جبکہ اجتماعی شادی کی تقریبات کے انتظامات اور دیگر اخراجات بھی حکومت برداشت کرے گی۔محکمہ سوشل ویلفیئر و بیت المال پنجاب کے مطابق اجتماعی شادیوں کی تقریبات کا سلسلہ 12 نومبر 2026 سے دوبارہ شروع ہوچکا ہے۔ حکومت نے مالی سال 2026-27 کے دوران مزید 5 ہزار مستحق جوڑوں کی شادیاں کرانے کا ہدف مقرر کیا ہے۔پروگرام میں شمولیت کے لیے دلہن کی عمر 18 سے 40 سال کے درمیان ہونا ضروری ہے اور اس کے پاس پنجاب کا درست ڈومیسائل بھی ہونا چاہیے۔ درخواست گزار لڑکی غیر شادی شدہ ہو اور اس کا رشتہ طے ہوچکا ہو۔ اس کے علاوہ اسے سرکاری سطح پر منعقد ہونے والی اجتماعی شادی کی تقریب میں شرکت پر آمادہ ہونا ہوگا، جس کے لیے غیر شادی شدہ ہونے اور رضامندی سے متعلق بیانِ حلفی جمع کرانا لازمی ہے۔درخواست دلہن خود جمع کرا سکتی ہے، جبکہ اس کے والدین یا قانونی سرپرست کو بھی درخواست دینے کی اجازت ہوگی۔حکام نے واضح کیا ہے کہ 2 لاکھ روپے کی مالی امداد صرف ان دلہنوں کو دی جائے گی جو سرکاری اجتماعی شادی کی تقریب کا حصہ بنیں گی۔
نجی طور پر شادی کرنے والے خاندان اس سہولت سے فائدہ نہیں اٹھا سکیں گے۔پروگرام میں درخواست دینے کے خواہش مند افراد پنجاب دھی رانی پروگرام کے سرکاری آن لائن پورٹل https://cmp.punjab.gov.pk/ پر جا کر رجسٹریشن کرا سکتے ہیں۔ اس مقصد کے لیے سب سے پہلے ویب سائٹ پر اپنا نام، شناختی کارڈ نمبر، ضلع اور موبائل فون نمبر درج کرکے اکاؤنٹ بنانا ہوگا۔اکاؤنٹ میں لاگ اِن ہونے کے بعد درخواست گزار کو آن لائن فارم میں دلہن کی ذاتی معلومات اور دیگر مطلوبہ تفصیلات فراہم کرنا ہوں گی۔ اس کے ساتھ شناختی دستاویزات، ڈومیسائل اور متعلقہ معاون ریکارڈ بھی پورٹل پر اپ لوڈ کرنا ہوگا۔ تمام معلومات کی درستگی یقینی بنانے کے بعد درخواست جمع کرائی جاسکتی ہے۔محکمہ متعلقہ درخواستوں کی جانچ اور فراہم کردہ معلومات کی تصدیق کے بعد اہل امیدواروں کا انتخاب کرے گا۔ اگر موصول ہونے والی اہل درخواستیں مقررہ کوٹے سے زیادہ ہوئیں تو مستحق افراد کا فیصلہ الیکٹرانک قرعہ اندازی کے ذریعے کیا جائے گا۔
منتخب ہونے والے خاندانوں کو اجتماعی شادی کی تقریب کی تاریخ اور انتظامات کے بارے میں موبائل فون پر ایس ایم ایس کے ذریعے آگاہ کیا جائے گا۔ تقریب کے موقع پر کامیاب امیدواروں کو 2 لاکھ روپے مالیت کے اے ٹی ایم کارڈ فراہم کیے جائیں گے۔دھی رانی پروگرام میں یتیم بچیوں، معذور خواتین، معذور افراد کی بیٹیوں اور انتہائی کم آمدنی والے خاندانوں سے تعلق رکھنے والی لڑکیوں کو ترجیح دی جائے گی۔
PNP
Comments are closed.