حال ہی میں کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی بیسویں مرکزی کمیٹی کا چوتھا کل رکنی اجلاس بیجنگ میں ہوا جس میں چین کے پندرہویں پانچ سالہ منصوبے کی تجاویز کی منظوری دی گئی ۔اس سے قبل چین کی تمام وزارتوں نے اپنے اپنے شعبوں کے حوالے سے چودھویں پانچ سالہ منصوبےکے اہداف اور ان میں حاصل کی گئی کامیابیوں کے حوالے سے عوام کو آگاہ کیا ۔پندرہویں پانچ سالہ منصوبے کے اہداف کے حوالے سے نمایاں شعبوں میں ایک شعبہ ای کامرس انڈسٹری ہے جس کے فروغ کے لئے نئے اہداف متعین کیے گئے ہیں لیکن یہ وہ شعبہ نے جس نے چین کے چودھویں پانچ سالہ منصوبے میں چین کی معیشت میں ایک اہم قوت کے طور پر کام کیا ہے ۔اس انڈسٹری میں جہاں اور کئی لوازمات اور جزیات ہیں وہیں اس کا ایک اہم حصہ لائیو سٹریمنگ ہے ۔اس لائیو سٹریمنگ اکانومی نے چودھویں پنج سالہ منصوبے (2021-2025) کے دوران تیزی سے ترقی کی ہے، جس میں 833 ملین سے زائد صارفین اور ای کامرس لین دین میں تقریباً 5 کھرب یوآن (تقریباً 705 ارب امریکی ڈالر) کی مالیت شامل رہی ہے۔
ایک چھوٹی تفریحی شکل سے ایک مضبوط صنعت میں تبدیل ہونے کے بعد اور پھر ملکی ہی نہیں عالمی صارفین کو اپنی طرف متوجہ کرنے کر کے سر حد پار ای کامرس انڈسٹری کی نئی اصطلاح بننے تک لائیو سٹریمنگ ملک کی مضبوط اقتصادی ترقی کے لیے ایک مضبوط محرک قوت بن گئی ہے۔
چین میں، لائیو سٹریمنگ زندگی کے تقریباً ہر پہلو میں سرایت کر چکی ہے۔ سڑک کنارے کھانے کے اسٹالز سے لے کر خوبصورت ہوٹلز تک ، کھیتیوں سے لے کر فیکٹریوں تک، اور دیہات سے لے کر شہروں تک، یہ شاپنگ، تعلیم، گیمنگ، فٹنس، پرفارمنسز اور اس سے آگے کئی شعبوں تک پھیل گئی ہے۔
آج، لائیو سٹریمنگ چین میں ایک مضبوط معاشی ستون میں تبدیل ہو چکی ہے، جو محض تفریح سے کہیں زیادہ ہے۔ لیکن سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ ایک چھوٹی سی تفریحی صنعت سے یہ معیشت کا ایک اہم ستون کیسے بنی؟ اس کا جواب "SPEED” میں پوشیدہ ہے، جو اس کی تیز رفتار ترقی کے اہم محرکات کو ظاہر کرنے والا ایک مخفف ہے۔
اس لفظ میں سب سے پہلے "S” سے مراد سٹریٹجی ہے ۔ بیسویں سی پی سی سنٹرل کمیٹی کے چوتھے کل رکنی اجلاس میں ڈیجیٹل چائنا انیشیٹو کو آگے بڑھانا "تجاویز "کی دستاویز کا حصہ ہے ۔ یہ ایک ایسی حکمت عملی ہے جس کا تذکرہ چودھویں پنج سالہ منصوبے میں بھی کیا گیا تھا اور یہ ڈیجیٹل اکانومی کی ترقی پر زور دیتی ہے۔
اس انیشیٹو کی رہنمائی میں، مرکزی اور مقامی حکومتوں نے ای کامرس اور لائیو کامرس کے لیے حسب ضرورت پالیسیاں نافذ کیں، لائیو سٹریمنگ ہبس تعمیر کیے ، پالیسی مراعات دیں اور اہل اداروں کو سبسڈی فراہم کی ۔ اسی دوران، چین کے دیہی احیاء کی حکمت عملی نے کاؤنٹی لیول لائیو سٹریمنگ ای کامرس انڈسٹریل بیسز کی ترقی کو تحریک دی ۔ پچھلے پانچ سالوں میں، لائیو سٹریمنگ صارفین کی تعداد دوگنا ہو کر 2024 میں 833 ملین ہو گئی ہے۔
Speed میں اگلا حرف "P” ہے جس سے مراد پلیٹ فارم ہے۔ چین کے بڑے ای کامرس پلیٹ فارمز فعال طور پر لائیو سٹریمنگ کے شعبے کو وسعت دے رہے ہیں، تاجروں اور صارفین کو آپس میں ملانے کے لیے پراڈکٹ کو لائیو سٹریمنگ کے ساتھ مربوط کر رہے ہیں۔
یہ پلیٹ فارمز چین کے 4.6 ملین سے زائد فائیو جی بیس سٹیشنوں اور فائبر آپٹک کے بنیادی ڈھانچے کے نیٹ ورک پر انحصار کرتے ہیں تاکہ ہائی سپیڈ کنیکٹیویٹی فراہم کی جا سکے۔ 4kسٹریمنگ اور آرٹیفیشل انٹیلی جنس سے بہتر ہو کر، یہ ملک کے مضبوط ڈیجیٹل بنیادی ڈھانچے کی بنیاد پر محو کر دینے والی لائیو سٹریمنگ پیش کرتے ہیں۔
صارفین لائیو سٹریمنگ کے ذریعے اچھی اشیاء تلاش کر سکتے ہیں، لائیو سٹریمرز سے سوالات کر سکتے ہیں، اور مصنوعات کی تفصیلی معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔ آن لائن آرڈر دینے کے بعد، چند دنوں، یا کبھی کبھار گھنٹوں میں ہی ان کا کیا گیا آرڈر انہیں وصول ہو جاتا ہے ۔
یہ سب ایک مضبوط قومی ایکو سسٹم کے فوائد ہیں ۔لاجسٹکس اور کولڈ چین سینٹرز کے ایک قومی نیٹ ورک نے ڈیلیوری کے اوقات کو کم کر کے تین دن تک کر دیا ہے، یہاں تک کہ دیہی علاقوں میں بھی، جس سے تازہ مصنوعات کی تیز تر تقسیم ممکن ہوتی ہے۔ اس نظام کی مدد سے ، چین کا ایکسپریس ڈیلیوری کا حجم 2024 میں 174 ارب سے زائد پارسلز تک پہنچ گیا تھا ۔
"SPEED” میں "E” انگیجمنٹ کے لیے ہے۔ "انگیجمنٹ” صرف سٹریمرز اور سامعین کے درمیان بات چیت ہی نہیں بلکہ اب ووکیشنل اسکولوں نے لائیو سٹریمنگ ای کامرس پر مرکوز پروگرام متعارف کروائے ہیں، جو پیشہ وروں کو صنعت کی ترقی کے لیے تیار کر رہے ہیں۔ اسی دوران، غیر مادی ثقافتی ورثہ کو بھی ایسے ڈیجیٹل ذرائع کے ذریعے فروغ دیا جا رہا ہے، جس سے عوام کو تعلیم اور صحت کی خدمات تک وسیع تر رسائی حاصل ہو رہی ہے۔
آخر میں آتا ہے ، "D” جو گلوبل ڈسٹریبیوشن (عالمی تقسیم) کی نمائندگی کرتا ہے۔ چین کی لائیو سٹریمنگ ای کامرس اپنی مقامی مارکیٹ سے بہت آگے نکل کر عالمی سطح پر پھیل چکی ہے۔ جنوب مشرقی ایشیا سے لے کر شمالی امریکہ تک، چینی سٹریمرز عالمی صارفین کے لیے مختلف مصنوعات پیش کر رہے ہیں ۔
2016 میں، لائیو سٹریمنگ ای کامرس چین کے ایک ای کامرس پلیٹ فارم تاؤباؤ پر شروع کی گئی تھی، جو ملک کے تیرہویں پانچ سالہ منصوبے (2016-2020) میں بیان کردہ "انٹرنیٹ پلس” حکمت عملی پر مبنی تھی۔ اس انیشیٹو نے انفارمیشن انفراسٹرکچر کی ترکیب کو تیز کیا، جس نے جدید انٹرنیٹ صنعتوں کی بنیاد رکھی۔ اب ایک دہائی بعد، چین میں لائیو سٹریمنگ اکانومی نئی بلندیوں پر پہنچ چکی ہے۔
آج، جب چین اگلے پانچ سالوں میں سائبر اسپیس میں اپنی طاقت کو مضبوط بنانے کے لیے سخت محنت کر رہا ہے، تو یہ یقین کرنے میں کوئی حرج نہیں کہ دنیا مواقعوں سے بھرپور مستقبل کا سامنا کرنے جا رہی ہے ۔