اسلام آباد:سپریم کورٹ نے آئس منشیات کاروبار میں ملوث ایک ملزم کی درخواست ضمانت قبول کی ہے۔ اس مقدمے میں ملزم کے وکیل نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے مقدمات کا نہایت دلچسپ انداز سے حوالہ دے کر اپنے مؤکل کے لیے ریلیف حاصل کیا۔
تفصیلات کے مطابق جسٹس منصور علی شاہ کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 3 رکنی بینچ نے آئس منشیات کاروبار میں ملوث ملزم عبیداللہ کی درخواست ضمانت پر سماعت کی۔
دوران سماعت جسٹس منصور علی شاہ نے ریمارکس دیے کہ ملزم پر رپورٹ کے مطابق 14 مقدمات ہیں، ضمانت کیسے دےدیں، منشیات کے کاروبار میں ملوث ملزم ضمانت نہیں بلکہ سزا کا حقدار ہے، منشیات معاشرے کے لیے ناسور ہے جو تعلیمی اداروں میں بھی پھیل رہا ہے۔
ملزم کے وکیل غلام سجاد گوپانگ نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ آرٹیکل 25 کے تحت ملزم عبیداللہ اور بانی تحریک انصاف عمران خان برابر کے شہری ہیں، عدالت نے بانی پی ٹی آئی اور میرے موکل کو آرٹیکل 25 کے تحت ایک طرح سے دیکھنا ہے۔
’عمران خان کو 200 مقدمات کے باوجود ضمانت ملی تو میرے مؤکل کو کیوں نہیں‘
جسٹس منصور علی شاہ نے سوال کیا کہ بانی تحریک انصاف کا موجودہ ضمانت کے کیس سے کیا تعلق ہے جس پر وکیل صفائی نے دلائل دیے کہ بانی پی ٹی آئی کو 200 سے زائد مقدمات کے باوجود سپریم کورٹ نے سائفر کیس میں ضمانت دی۔
وکیل صفائی غلام سجاد گوپانگ نے اپنے دلائل میں کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو جب سپریم کورٹ سے بریت ملی تو اس وقت وہ سزا یافتہ مجرم بھی تھے، ایک ملزم کو 200 مقدمات کے باوجود ضمانت مل سکتی ہے تو میرے مؤکل کے خلاف تو پھر 14 مقدمات ہیں اور وہ ضمانت کا حقدار ہے۔
جسٹس منصور علی شاہ بولے کہ بانی پی ٹی آئی اور آپ کے مؤکل کے مقدمات کی نوعیت مختلف ہے، بانی پی ٹی آئی کے کیسز کا ان مقدمات سے کیا موازنہ ہے۔
’عمران خان کو مٹن اور دیسی مرغ کھانے کو ملتا ہے، میرے مؤکل کو یہ سہولت حاصل نہیں‘
وکیل غلام سجاد گوپانگ نے دلائل دیے کہ عمران خان پر دہشتگردی کے مقدمات ہیں، سائفر کیس میں سزائے موت تھی، بانی پی ٹی آئی کو اڈیالہ جیل میں دیسی مٹن اور مرغ کھانے کو ملتا ہے، میرے مؤکل کو ایسی کوئی سہولت اڈیالہ جیل میں دستیاب نہیں، میرا مؤکل توپھر بانی پی ٹی آئی کی نسبت ضمانت کا زیادہ حقدار ہوا۔
وکیل غلام سجاد گوپانگ کے دلائل پر جسٹس منصور علی شاہ مسکرا دیے اور کہا کہ چلیں دیکھ لیتے ہیں، آپ عدالتی فیصلوں کا حوالہ دے دیں۔ بعد ازاں، عدالت نے ملزم عبیداللہ کی درخواست ضمانت منظور کرلی۔
Trending
- پمز میں چیف ٹیکنیشن کی بھرتی روک دی گئی، نوٹس جاری
- سہ فریقی ٹی20 سیریز، نمیبیا نے جنوبی افریقہ کو 18 رنز سے ہرادیا
- راولپنڈی میں بچی سے زیادتی کرنے والے ملزم پر عوام کا تشدد، ویڈیو وائرل
- مشکل وقت میں کھلاڑیوں پر ’’ملبہ‘‘ نہیں ڈالوں گا، لیکن سیریز کے بعد فیصلہ کرینگے، کس کو نکالنا ہے، سرفراز احمد
- پمز واقعے پر پی پی، ن لیگ، ایم کیو ایم میں نورا کشتی شروع ہوگئی، حافظ نعیم
- کراچی میں بجلی کی عدم فراہمی پر پُرتشدد احتجاج کرنے والے 10 مظاہرین گرفتار
- پمز سانحہ،چین کا اسلام آباد کیلئے 21 جدید فائر اینڈ ریسکیو گاڑیوں کا تحفہ
- میر رضا قتل کیس میں جوڈیشل کمیشن کا اہم معلومات فراہم کرنے والوں کے لیے نقد انعام کا اعلان
- ٹرمپ نے رائفل تھامے اپنی تصویر دوبارہ وائرل کردی؛ کس کو کھلی دھمکی دی؟
- پیٹرول، ڈیزل کی قیمت میں کمی کا اعلان
راؤ عمران سلیمان پاکستان کے مایہ ناز صحافی ہیں جو اعلیٰ صحافتی اقدار پر یقین رکھتے ہیں۔