پی آئی اے نے ترقی کی نئی پرواز بھر لی، لاہور سے باکو کے لیے سروس کا آغاز
قومی ایئرلائن اب اپنے قدموں پر کھڑی ہے: خواجہ آصف
اسلام آباد:
پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) نے لاہور سے آذربائیجان کے دارالحکومت باکو کے لیے براہِ راست پروازوں کا آغاز کر دیا۔ پہلی پرواز پی کے 159، 152 مسافروں کو لے کر صبح 11 بج کر 50 منٹ پر لاہور سے روانہ ہوئی۔
پرواز کی روانگی سے قبل لاہور ایئرپورٹ پر ایک سادہ مگر پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں وزیر دفاع خواجہ محمد آصف مہمانِ خصوصی تھے۔ پاکستان میں آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف اور وزارت ہوابازی کے اعلیٰ حکام نے بھی تقریب میں شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا:
"کچھ عرصہ قبل یہ تصور بھی محال تھا کہ پی آئی اے اپنے بحران سے نکل سکے گی، لیکن وزیراعظم کی قیادت میں جامع اصلاحاتی پروگرام کے باعث آج قومی ایئرلائن اپنے قدموں پر کھڑی ہے۔”

انہوں نے مزید کہا کہ پی آئی اے اپنے نیٹ ورک کو وسعت دے رہی ہے اور باکو کے لیے پرواز کا آغاز اسی عمل کا حصہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس سروس سے پاکستان اور آذربائیجان کے باہمی تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔
