by Rao Imran Suleman
Rao Nama

توشہ خانہ ریکارڈ جاری، صدر، وزیراعظم اور آرمی چیف کو ملنے والے تحائف کی تفصیلات سامنے آگئیں

0

اسلام آ باد (سٹا ف رپورٹر )کابینہ ڈویژن نے یکم جنوری 2025 سے لے کر 30 جون 2025 تک کا توشہ خانہ ریکارڈ جاری کردیا۔
کابینہ ڈویژن کے مطابق تحائف وصول کرنے والوں میں صدر ، وزیراعظم، وزیر اعلیٰ پنجاب، نائب وزیراعظم، وزیر داخلہ، تینوں سروسز چیفس و دیگر شامل ہیں۔
تحائف میں ڈیکوریشن پیسز، گھڑیاں، الیکٹرک گاڑی، قالین ، جائے نماز ، ٹیبل کلاتھ اور کافی سیٹ سمیت دیگر اشیا شامل ہیں جب کہ وصول کنندگان نے تمام تحائف توشہ خانہ میں جمع کروا دیے ہیں۔
وزیر اعظم شہباز شریف کو ملنے والے تحائف
کابینہ ڈویژن وصول شدہ تحائف کا تخمینہ کروا رہا ہے۔
کیلنڈر سال 2025کی پہلی ششماہی مدت میں وزیراعظم شہباز شریف کو 2گھڑیاں، منبر رسول ﷺکا ماڈل، 2 کتابیں، 3 شیلڈ، ایک فریم والی تصویر، ایک پلیٹ، ایک لکڑی کا باکس، ہینڈ میڈ سلک کارپٹ، مراکو کا ماڈل، دو روایتی کپ، ایک ہاتھی کا ماڈل، ایک ڈیکوریشن پیس ، یاک واز اور ہینڈ بیگ سمیت کئی تحائف ملے۔
صدر مملکت آصف زرداری کے تحائف
صدر مملکت آصف زرداری کو بھی تحائف ملے ہیں جن میں کارپیٹ، ایک کافی سیٹ، دو واز ، ٹیبل کلاتھ، بیڈ شیٹ، لیڈیز سوٹ، ونڈ ٹربائن کا ماڈل، پینٹنگ فریم ، پین کف لنک سیٹ، شیلڈ اور الیکٹرک وہیکل شامل ہیں۔
چیف آف آرمی اسٹاف سید عاصم منیرکے تحائف
چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل عاصم منیر کو ترکیہ کے صدر نے ٹی سیٹ کا تحفہ دیا، ائیر چیف مارشل ظہیر احمد سدھو کو ڈش آئٹم ملا جب کہ چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل نوید ا شرف کو ٹی سیٹ کا تحفہ ملا۔
رپورٹ کے مطابق کابینہ ڈویژن نے یکم جنوری 2025 سے 30 جون 2025 تک کا توشہ خانہ ریکارڈ جاری کردیا۔ اس مدت کے دوران وزیراعظم شہباز شریف اور صدرمملکت آصف علی زرداری کو قیمتی تحائف موصول ہوئے۔
ریکارڈ کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف، ایئر چیف اور چیف آف نیول اسٹاف سمیت نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کو بھی تحائف دیے گئے۔ وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر اقتصادی امور احد چیمہ بھی تحائف وصول کرنے والوں کی فہرست میں شامل ہیں۔
فہرست میں چیف آف جنرل اسٹاف سید عامر رضا، وائس ایڈمرل راجہ رب نواز، چیئرمین نیب لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد، وزیر تجارت اور سیکرٹری تجارت بھی شامل ہیں۔ ملک احمد خان، محمد علی رندھاوا، رفعت مختار راجہ، وہاب ریاض، زین عاصم اور عثمان باجوہ سمیت متعدد حکام اور شخصیات کو بھی تحائف ملے۔ طارق فاطمی، خواجہ عمران نذیر اور دیگر شخصیات بھی فہرست میں شامل ہیں۔
کابینہ ڈویژن کے مطابق بیشتر تحائف پاکستانی حکام کو غیر ملکی اعلیٰ حکومتی شخصیات اور دیگر نے دیے۔ وزیراعظم شہباز شریف کو چیف جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستان اور چیئرمین ایف بی آر راشد لنگڑیال کی جانب سے ایک ایک شیلڈ بھی پیش کی گئی۔
سال 2025 کے ابتدائی چھ ماہ میں تحائف میں ڈیکوریشن پیسز، گھڑیاں، الیکٹرک گاڑیاں، ریڈی میڈ کارپٹ، بیڈشیٹس، جائے نماز، ٹیبل کلاتھ، کافی سیٹ، ٹی سیٹ اور ٹائیاں شامل رہیں۔ تمام وصول کنندگان نے یہ تحائف توشہ خانہ میں جمع کروا دیے ہیں۔
کابینہ ڈویژن تحائف کے تخمینے کا عمل مکمل کررہا ہے اور پراسیس جاری ہے۔ اس سے قبل شہباز حکومت 2002 سے 31 دسمبر 2024 تک کا ریکارڈ پبلک کرچکی ہے جبکہ 1997 سے 2001 تک کا توشہ خانہ ریکارڈ بھی جاری کیا جاچکا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.