خواتین کو سیاسی طور پر بااختیار بنانا مسلم لیگ کی اولین ترجیح ہے: فرخ خان
ایم پی اے سلمیٰ ہاشمی کی جانب سے خواتین ونگ کی مرکزی صدر فرخ خان کو مبارکباد
اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ خواتین ونگ کی مرکزی صدر اور رکن قومی اسمبلی مسز فرخ خان سے صوبائی اسمبلی کی رکن سلمیٰ ہاشمی نے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران پارٹی معاملات اور آئندہ بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔اس موقع پر ایم پی اے سلمیٰ ہاشمی نے مسز فرخ خان کو پاکستان مسلم لیگ خواتین ونگ کی مرکزی صدر منتخب ہونے پر دلی مبارکباد پیش کی اور خواتین کو منظم و فعال بنانے کے لیے ان کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔ مسز فرخ خان نے کہا کہ خواتین کو سیاسی طور پر بااختیار بنانا پاکستان مسلم لیگ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، جبکہ سلمیٰ ہاشمی نے پارٹی پالیسیوں کے فروغ میں خواتین کے کردار کو مزید مؤثر بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ملاقات کے دوران خواتین کے سیاسی کردار کو مضبوط بنانے، بلدیاتی سطح پر خواتین کی شرکت بڑھانے اور پارٹی کے مستقبل کے اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر ایم پی اے سلمیٰ ہاشمی نے مسز فرخ خان کو خواتین ونگ کی سربراہ مقرر ہونے پر دلی مبارکباد پیش کی اور ان کی قیادت میں خواتین کے لیے مزید مواقع پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔