اسلام آباد / پشاور / ڈیرہ اسماعیل خان:(نمائندہ اپنا وطن) پاکستان مسلم لیگ (ق) کو خیبر پختونخوا میں ایک بڑی سیاسی کامیابی حاصل ہو گئی ہے، جہاں جنوبی اضلاع سے مختلف سیاسی جماعتوں کے اہم رہنماؤں نے مسلم لیگ (ق) میں شمولیت اختیار کر لی ہے۔
نئے شامل ہونے والے رہنماؤں نے وفاقی وزیر، پاکستان مسلم لیگ (ق) کے سینئر نائب صدر چوہدری سالک حسین سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان مسلم لیگ (ق) خیبر پختونخوا کے صوبائی صدر انتخاب خان، مرکزی سیکرٹری اطلاعات مصطفیٰ ملک، صوبائی رہنما بلال محمد زئی، ریاض خان، عبدالباسط اور ضلعی صدر ڈیرہ اسماعیل خان ہیبت اللہ صدیقی بھی شریک تھے۔
سیاسی شمولیتوں کے عمل میں صوبائی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات شاہد الیاس مروت نے کلیدی کردار ادا کیا۔
مسلم لیگ (ق) میں شمولیت اختیار کرنے والوں میں جنوبی وزیرستان سے جمعیت علمائے اسلام کے رہنما حاجی خان محمد وزیر، ضلع ٹانک سے شفیع اللہ خان بھٹانی، سابق ضلعی صدر پیپلز پارٹی ڈیرہ اسماعیل خان سید مدثر زیدی، ناظمین اتحاد ڈیرہ اسماعیل خان کے ضلعی صدر ملک عمران اعوان، سابق تحصیل صدر پاکستان تحریک انصاف ملک الطاف کھوکھر اور ضلع لکی مروت سے محمد اسماعیل خان شامل ہیں۔ اس کے علاوہ تحریک لبیک پاکستان کے رہنما پیر اسماعیل چشتی نے بھی مسلم لیگ (ق) میں شمولیت اختیار کی۔
نئے شامل ہونے والے رہنماؤں نے پاکستان مسلم لیگ (ق) کے صدر چوہدری شجاعت حسین کی مدبرانہ قیادت سے متاثر ہو کر جماعت میں شمولیت اختیار کرنے کا اعلان کیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ق) ایک محبِ وطن جماعت ہے، ملکی سلامتی، دفاع اور خوشحالی ہماری اولین ترجیح ہے، جبکہ سیاست کا محور عوامی خدمت ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی اضلاع کی صورتحال سن کر دکھ ہوا ہے اور مسلم لیگ (ق) جنوبی اضلاع کی ترقی کے لیے کلیدی کردار ادا کرے گی۔
مرکزی سیکرٹری اطلاعات مصطفیٰ ملک نے نئے شامل ہونے والے تمام رہنماؤں کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ انتخاب خان کی قیادت میں پاکستان مسلم لیگ (ق) خیبر پختونخوا میں بھرپور انداز میں متحرک ہے۔ انہوں نے جنوبی اضلاع سے ہونے والی شمولیتوں پر صوبائی صدر انتخاب خان، شاہد الیاس مروت اور پوری صوبائی تنظیم کو مبارکباد دی۔
صوبائی صدر انتخاب خان نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے عوام کو تبدیلی کے ثمرات نہیں ملے اور تبدیلی کے نام پر صوبے کے عوام کو بدحالی کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ اب صوبے کے عوام کی نظریں پاکستان مسلم لیگ (ق) پر ہیں، جنوبی اضلاع سے ہونے والی شمولیتیں جماعت کے لیے ایک بڑی سیاسی کامیابی ہیں، اور آئندہ صوبے بھر میں کنونشنز اور عوامی رابطہ مہم چلائی جائے گی۔
صوبائی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات شاہد الیاس مروت نے کہا کہ مسلم لیگی قافلے میں مختلف سیاسی جماعتوں کے عہدیداروں کی آئے روز شمولیت اس بات کی غمازی ہے کہ سیاسی کارکن چوہدری شجاعت حسین کے قومی کردار کو تسلیم کر رہے ہیں۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ آئندہ انتخابات میں مسلم لیگ (ق) جنوبی اضلاع میں سیاسی سرپرائز دے گی۔
ضلعی صدر ڈیرہ اسماعیل خان ہیبت اللہ صدیقی نے ڈیرہ اسماعیل خان کے مسائل سے پارٹی قیادت کو آگاہ کیا اور یقین ظاہر کیا کہ مسلم لیگ (ق) کے پلیٹ فارم سے ڈیرہ اسماعیل خان میں ترقی و خوشحالی کا نیا دور شروع ہوگا۔
Trending
- کراچی میں مبینہ نومولود لاپتا ہونے کا معاملہ ہسپتال انتظامیہ کا مؤقف سامنے آگیا
- گلیشیئرز پگھلنے سے شمالی علاقوں کو شدید خطرات، نیپال سے زیادہ گھمبیر صورتحال پاکستان کی ہے، ماہرین نے خبردار کر دیا
- سندھ اسمبلی نے نئے صوبوں سے متعلق بحث کیلئے تحریک التوا ءمنظور کر لی
- روسی فوج کا بین البراعظمی بیلسٹک میزائل کا کامیاب تجربہ
- میر رضا کیس: کسی سے خوفزدہ ہوئے بغیر کمیشن چلائیں گے، وزیر اعلیٰ بھی ملنے آئے تو نہیں ملیں گے، جسٹس عمر سیال
- سندھ کے تمام تعلیمی بورڈز میں ریکروٹمنٹ رولز 2026 نافذ کرنے کا فیصلہ
- ہیکرز کا3 برطانوی ائیرپورٹس پر سائبر حملہ،87 لاکھ مسافروں کا ڈیٹا چوری
- پنجاب میں مون سون کا 8واں اسپیل، 29 اگست سے 5 ستمبر تک بارشوں کا الرٹ جاری
- بینک اسلامی کا پاکستان کے زرعی سپلائی چین کو مستحکم کرنے کے لیے شریعت کے مطابق “ایگری وہیکل فائنانس” کا آغاز
- خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں 29 اگست سے بارشوں کا امکان، اربن فلڈنگ کا بھی خدشہ
راؤ عمران سلیمان پاکستان کے مایہ ناز صحافی ہیں جو اعلیٰ صحافتی اقدار پر یقین رکھتے ہیں۔