by Rao Imran Suleman
Rao Nama

پشاور زلمی کے ہاتھوں کوئٹہ کی دھلائی، 13 اوورز میں 150 بنا لیے

فوٹو: ایکس/ پی ایس ایل 

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) الیون کے 29 ویں میچ میں پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 13ویں اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 154 رنز بنا لیے، جہاں کشال مینڈس اور بابر اعظم نے حریف بولرز کی خوب دھلائی کی۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جارہے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، تو پشاور زلمی کو آغاز میں محمد حارث نے جارحانہ اسٹارٹ فراہم کیا اور صرف 6 گیندوں پر 16 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، تاہم اس کے بعد کشال مینڈس اور بابر اعظم نے میدان سنبھال لیا۔

کشال مینڈس نے انتہائی دلکش اور تباہ کن بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 42 گیندوں پر 82 رنز اسکور کیے، جس میں 10چوکے اور 3 چھکے شامل تھے۔ انہوں نے اپنی نصف سنچری صرف 24 گیندوں پر مکمل کی اور بابر اعظم کے ساتھ 100 رنز کی شراکت بھی قائم کی۔

بابر اعظم بھی عمدہ ردھم میں دکھائی دیے اور 31گیندوں پر 50 رنز بنا کر کریز پر موجود ہیں۔ ان کی اننگز میں 4چوکے شامل ہیں۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے بولرز زلمی کے سامنے بے بس دکھائی دیے۔ جہانداد خان، الزاری جوزف، ابرار احمد، سعود شکیل اور دیگر بولرز کو رنز روکنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

پشاور زلمی کی ٹیم اس جارحانہ آغاز کے بعد بڑے اسکور کی جانب گامزن دکھائی دے رہی ہے، جبکہ کوئٹہ کو میچ میں واپسی کے لیے فوری وکٹوں کی ضرورت ہے۔



PNP

Comments are closed.