پاکستان سٹیل ملز میں اربوں کی منظم چوری کا سکینڈل بے نقاب
اسلام آباد (نیوز ڈ یسک ) فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی نے ایک بڑی کارروائی کے دوران پاکستان اسٹیل ملز میں اربوں روپے کی مبینہ منظم چوری کا انکشاف کیا ہے۔
ایف آئی اے کے ترجمان کے مطابق طویل عرصے سے اسٹیل ملز سے قیمتی مشینری، برقی کیبلز، اسکریپ اور دیگر اہم سامان بغیر کسی باضابطہ گیٹ پاس کے باہر منتقل کیا جاتا رہا۔ ابتدائی تحقیقات میں سامنے آیا ہے کہ اس غیر قانونی سرگرمی میں ایک منظم نیٹ ورک ملوث تھا، جس میں ادارے کے بعض ملازمین، سکیورٹی اہلکار اور اسکریپ کے کاروبار سے وابستہ افراد شامل تھے۔ذرائع کے مطابق اس معاملے میں ایف آئی آر درج ہونے کے باوجود اسے فوری طور پر سی کلاس میں ڈال دیا گیا،
تاہم اب دوبارہ کارروائی تیز کر دی گئی ہے اور ملوث افراد کے گرد گھیرا تنگ کیا جا رہا ہے۔ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ اس کیس میں مرکزی کردار ادا کرنے والوں اور ان کے سہولت کاروں کی نشاندہی کر لی گئی ہے اور قومی اثاثوں کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
PNP
Comments are closed.