ڈومیسائل فیس میں 175 فیصد اضافے کی منظوری، نوٹیفکیشن جاری
لاہور (پی این پی) پنجاب کابینہ نے ڈومیسائل فیس میں 175فیصد اضافے کی منظوری دیتے ہوئے صوبے میں ڈومیسائل کے اجراء کے نظام کو مکمل طور پر ڈیجیٹل بنانے کا فیصلہ کر لیا ہے،
جس کا باقاعدہ نوٹیفیکیشن بھی جاری کر دیا گیا۔نئے فیصلے کے تحت ڈومیسائل فیس 200روپے سے بڑھا کر 550روپے مقرر کر دی گئی ہے، اس فیس میں 200روپے بنیادی فیس، 300روپے ای افیڈیویٹ اور 50روپے سروس چارج شامل ہوں گے، حکومتی پالیسی کے مطابق 500روپے سرکاری خزانے میں جمع ہوں گے جبکہ 50روپے پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کو سروس چارج کے طور پر ملیں گے۔حکومت نے ڈومیسائل کے حصول کے عمل کو جدید خطوط پر استوار کرتے ہوئے اسے مکمل ڈیجیٹل اور پیپر لیس بنانے کا فیصلہ کیا ہے، شہری اب ڈومیسائل کے لئے آن لائن درخواست دے سکیں گے، فیس e-Pay Punjabکے ذریعے ادا کریں گے اور تیار شدہ ڈومیسائل کورئیر کے ذریعے گھر بیٹھے وصول کر سکیں گے، اس مقصد کے لئے ایک خودکار ڈومیسائل مینجمنٹ سسٹم بھی متعارف کرایا گیا ہے۔
نئے نظام کے تحت موبائل ایپ کے ذریعے ڈومیسائل اپلائی اور فیس ادائیگی ممکن ہوگی جبکہ نادرا طرز کا ڈیجیٹل ویریفکیشن اور ڈیٹا مینجمنٹ سسٹم نافذ کیا جائے گا، حکام کے مطابق اس اقدام سے ڈومیسائل کے اجرای کا دورانیہ کم ہو کر صرف 2سے 3 دن رہ جائے گا۔کورئیر سروس کے لئے60روپے، سکیورٹی پیپر کے لئے 40 روپے جبکہ ڈیٹا ہوسٹنگ، ایس ایم ایس اور سسٹم مینٹیننس کے لئے 50 روپے شامل کئے گئے ہیں۔پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (پی آئی ٹی بی)کے مطابق فی درخواست اوسط لاگت 27.55روپے بنتی ہے جبکہ نظام کو چلانے کے لئے سالانہ کروڑوں روپے کے اخراجات کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔دوسری جانب محکمہ خزانہ پنجاب نے فیس میں 150روپے اضافے پر عوامی برداشت کے حوالے سے سوالات اٹھاتے ہوئے مکمل بریک اپ طلب کر لیا ہے، مختلف دستاویزات میں فیس سٹرکچر سے متعلق تضادات، ای افیڈیویٹ اور سٹیمپ پیپر فیس میں فرق، اور کورئیر و سکیورٹی چارجز کی پالیسی پر ابہام کی نشاندہی بھی کی گئی ہے۔
PNP
Comments are closed.