by Rao Imran Suleman
Rao Nama

کوکین ڈیلر انمول پنکی کے سنسنی خیز انکشافات، شوبز شخصیات اور سیاستدانوں کے نام بتادیے

اسلام آباد (نیوز ڈ یسک) اسلام آباد میں حساس اداروں کی تحقیقات کے دوران گرفتار مبینہ کوکین ڈیلر انمول عرف پنکی نے دورانِ تفتیش کئی اہم اور چونکا دینے والے انکشافات کیے ہیں۔

تفتیشی ذرائع کے مطابق ملزمہ نے منشیات کے نیٹ ورک میں بعض پولیس اہلکاروں، اینٹی نارکوٹکس فورس کے افسران اور مختلف بااثر شخصیات کے مبینہ کردار سے متعلق معلومات فراہم کی ہیں۔تحقیقات کے مطابق انمول پنکی نے دعویٰ کیا کہ اے این ایف کا ایک انسپکٹر اس کے بھائی ناصر کو متعدد بار گرفتار کرتا رہا اور بعد میں مبینہ طور پر رشوت لے کر چھوڑ دیتا تھا۔ ملزمہ کے مطابق مختلف اے این ایف اہلکاروں کو مجموعی طور پر ایک کروڑ پانچ لاکھ روپے سے زائد رقم دی گئی۔ملزمہ نے مزید الزام عائد کیا کہ درخشاں، گزری اور بوٹ بیسن تھانوں کے بعض اہلکاروں کو بھی بھاری رقوم ادا کی جاتی رہیں۔ اس نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ 2024 میں اس کے بھائی کی گرفتاری کے بعد ایک پولیس اہلکار کامران نے مبینہ طور پر رائیڈرز کو اغوا کرکے دو کروڑ پانچ لاکھ روپے وصول کیے۔

تفتیش کے دوران ملزمہ نے انکشاف کیا کہ اس کا سابق شوہر رانا ناصر منشیات چھپانے کے لیے وکلاء کے دفاتر اور چیمبرز استعمال کرتا تھا تاکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیوں سے بچا جا سکے۔ اس نے یہ بھی الزام لگایا کہ رانا منصور اور رانا شہزور، جو پیشے کے اعتبار سے وکیل ہیں، کراچی میں منشیات کے بڑے نیٹ ورک سے وابستہ ہیں۔ملزمہ کے مطابق اس کے نیٹ ورک کے 700 سے 800 صارفین موجود تھے، جن میں تقریباً 150 مستقل گاہک شامل تھے۔ دورانِ تفتیش اس نے شوبز اور سیاسی حلقوں سے تعلق رکھنے والی بعض شخصیات کے نام بھی لیے، تاہم ان الزامات کی تاحال سرکاری سطح پر تصدیق نہیں ہو سکی۔تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ ملزمہ کے بیانات کی روشنی میں مزید تحقیقات جاری ہیں اور ممکنہ طور پر نیٹ ورک سے جڑے دیگر افراد کے خلاف بھی کارروائی کا دائرہ وسیع کیا جا سکتا ہے۔

PNP

Comments are closed.