by Rao Imran Suleman
Rao Nama

ایران دھمکیوں کے آگے نہیں جھکے گا، صدر پزشکیان

بنیادی مطالبات تسلیم ہونے تک مذاکرات نہیں کریں گے: تہران

0

May18/ 2026 / تہران: (ویب ڈیسک)

ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی مبینہ جنگی دھمکیوں پر دوٹوک ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کسی دباؤ، دھونس یا دھمکی کے سامنے سر نہیں جھکائے گا اور اپنی سلامتی و خودمختاری پر ہرگز سمجھوتا نہیں کرے گا۔

ایرانی خبر رساں ادارے کے مطابق پیر کو اپنے خطاب میں مسعود پزشکیان نے کہا کہ دشمن ایران کو مختصر وقت میں گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کرنے میں ناکام رہا، اسی لیے اب ایرانی عوام اور حکام کے درمیان اختلافات پیدا کرنے کی سازشیں کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ امریکی دباؤ اور دھمکیوں سے ایران مرعوب نہیں ہوگا اور اپنے اصولی مؤقف پر ڈٹا رہے گا۔

ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ امریکا نے جنگ مسلط کرکے بھی دیکھ لیا لیکن اسے ناکامی کے سوا کچھ حاصل نہ ہوسکا۔ انہوں نے کہا کہ اب ایران کے اندر تقسیم پیدا کرنے کی کوششیں ہو رہی ہیں، تاہم ایرانی قوم متحد ہے اور ہر چیلنج کا مل کر مقابلہ کرے گی۔

مسعود پزشکیان نے امریکا اور اسرائیل کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ انسانی حقوق کے دعویدار ممالک عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزیوں پر خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ غزہ کی صورتحال کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے عالمی برادری کے رویے کو دوہرے معیار کی عکاسی قرار دیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایران اس وقت تک مذاکرات کی میز پر واپس نہیں آئے گا جب تک اس کے بنیادی مطالبات، خصوصاً بحری ناکہ بندی کے خاتمے سے متعلق شرائط، تسلیم نہیں کی جاتیں۔ ان کا کہنا تھا کہ تہران واشنگٹن کے ساتھ تنازع کے حل کے لیے اپنے مؤقف سے پیچھے ہٹنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.