قطری، سعودی اور اماراتی قیادت کی سفارش پر صدر ٹرمپ کا ایران پر کل کا حملہ روکنے کا اعلان
اسلام آباد (پی این پی) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے قطر، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کی قیادت کی درخواست پر ایران کے خلاف مجوزہ فوجی کارروائی عارضی طور پر روکنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
صدر ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری بیان میں کہا کہ قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی، سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اور یو اے ای کے صدر محمد بن زاید آل نہیان نے انہیں آگاہ کیا کہ خطے میں اس وقت اہم سفارتی رابطے اور سنجیدہ مذاکرات جاری ہیں۔ ان رہنماؤں کے مطابق ایسی پیش رفت ممکن ہے جو نہ صرف امریکا بلکہ پورے مشرق وسطیٰ اور عالمی برادری کے لیے قابل قبول معاہدے کی صورت اختیار کر سکتی ہے۔
امریکی صدر نے کہا کہ مجوزہ معاہدے کی بنیادی شرط یہ ہوگی کہ ایران کسی بھی صورت جوہری ہتھیار حاصل نہ کرے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ عرب اتحادیوں کے مؤقف اور احترام کو مدنظر رکھتے ہوئے سیکریٹری دفاع پیٹ ہیگستھ، جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کے چیئرمین جنرل ڈینیئل کین اور امریکی فوجی حکام کو ایران پر طے شدہ حملہ مؤخر کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔
صدر ٹرمپ نے واضح کیا کہ اگر مذاکرات کسی نتیجے تک نہ پہنچ سکے اور کوئی قابل قبول معاہدہ طے نہ پایا تو امریکی افواج کسی بھی وقت ایران کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائی کے لیے مکمل طور پر تیار رہیں گی۔
PNP
Comments are closed.