by Rao Imran Suleman
Rao Nama

مسلم دنیا نئی اسلامی تہذیب کے قیام کے لیے متحد ہو، ایرانی سپریم لیڈر

امریکا کو خطے میں مزید اڈے قائم نہیں کرنے دیں گے: مجتبیٰ خامنہ ای

0

تہران: (ویب ڈیسک) — 26 مئی 2026

ایران کے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے کہا ہے کہ امریکا کو خطے میں مزید فوجی اڈے قائم کرنے کا موقع نہیں ملے گا، جبکہ مستقبل امتِ مسلمہ اور ایک نئی اسلامی تہذیب کا ہے۔

حج کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں مجتبیٰ خامنہ ای نے کہا کہ "اللہ اکبر” کا نعرہ وہ طاقت ہے جس نے امتِ مسلمہ اور مزاحمتی محاذ کے نوجوان مجاہدین کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ اتحاد ایران سے لبنان، فلسطین، عراق اور شام تک پھیلا ہوا ہے، جبکہ افریقا، یمن، پاکستان اور دنیا بھر کی آزاد اقوام بھی اس فکری اور نظریاتی رابطے کا حصہ ہیں۔

ٹیلی گرام پر جاری اپنے بیان میں ایرانی سپریم لیڈر کا کہنا تھا کہ خلیجی طاقتیں اب امریکی فوجی اڈوں کے لیے ڈھال ثابت نہیں ہوں گی اور امریکا کو خطے میں مزید محفوظ پناہ گاہ میسر نہیں آئے گی۔

یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب تہران اور واشنگٹن کے درمیان گزشتہ تین ماہ سے جاری کشیدگی کے خاتمے کے لیے ایک ممکنہ فریم ورک پر بات چیت جاری ہے۔

مجتبیٰ خامنہ ای نے مزید کہا کہ وقت کا پہیہ پیچھے نہیں گھومتا اور خطے میں صہیونی نظام کمزوری اور اپنے اختتامی مراحل کی جانب بڑھ رہا ہے۔ ان کے مطابق ایرانی انقلاب نے خطے میں بیرونی اثر و رسوخ کو محدود کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مستقبل کی اسلامی تہذیب امتِ مسلمہ کا مشترکہ ہدف ہونا چاہیے اور مسلم ممالک کو بیرونی دباؤ سے آزاد ہو کر اپنا مؤثر کردار ادا کرنا چاہیے۔

ایرانی سپریم لیڈر کے مطابق خطے کی اقوام اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کریں گی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ دشمن کو تباہ کن حملوں کے ذریعے بے بس کیا گیا، جبکہ امریکی جارحیت کے جواب میں ایران نے ہتھیار نہ ڈال کر اسے "سخت جواب” دیا۔

انہوں نے کہا کہ ایران اور لبنان میں دشمن کے خلاف کامیابی کی بنیاد "اللہ اکبر” کے عقیدے پر یقین ہے۔

اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ ہر مسلم ملک پر لازم ہے کہ وہ اسلام کے مستقبل کے لیے اپنا کردار ادا کرے، جبکہ اس سال حج کے موقع پر "مرگ بر امریکا” اور "مرگ بر اسرائیل” کے نعرے بھی مسلم دنیا میں سنائی دیں گے۔

واضح رہے کہ مجتبیٰ خامنہ ای نے مارچ 2026 میں اقتدار سنبھالا تھا، جب ان کے والد آیت اللہ علی خامنہ ای امریکی اور اسرائیلی فضائی حملوں میں جاں بحق ہوگئے تھے۔ تاہم مجتبیٰ خامنہ ای اب تک عوامی سطح پر منظرِ عام پر نہیں آئے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.