تہران میں لائیو میوزک پروگراموں پر کارروائی، کیفے سیل
تہران: ایرانی دارالحکومت تہران میں حکام نے ایک کیفے کو مبینہ طور پر غیرمجاز سرگرمیوں اور متنازع تفریحی پروگراموں کے انعقاد کے الزام میں بند کر دیا۔
مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق کیفے شہر کی مصروف ولیعصر اسٹریٹ پر واقع تھا، جہاں لائیو میوزک پرفارمنسز منعقد کی جا رہی تھیں۔ سرکاری ذرائع کی جانب سے جاری کردہ ویڈیو میں متعدد مرد و خواتین کو موسیقی سے لطف اندوز ہوتے، تالیاں بجاتے اور موبائل فونز سے ویڈیوز بناتے دیکھا جا سکتا ہے، جبکہ ایک گلوکار حاضرین کے سامنے پرفارم کر رہا تھا۔
رپورٹس کے مطابق پبلک وینیوز پولیس نے کیفے کے بارے میں موصول ہونے والی شکایات کے بعد کارروائی کی۔ حکام کا مؤقف ہے کہ وہاں ایسے موسیقی پروگرام منعقد کیے جا رہے تھے جنہیں مغربی ثقافتی اثرات سے منسلک قرار دیا گیا، جبکہ بعض سرگرمیوں کو معاشرتی اقدار کے منافی بھی بتایا گیا۔
پولیس حکام کے مطابق کیفے میں موجود کچھ افراد کی حرکات و سکنات کو بھی غیرمعمولی قرار دیا گیا، جس کے بعد مقام کو سیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
واضح رہے کہ ایران میں گزشتہ برس بھی موسیقی سے متعلق ایک بڑے اجتماع کے خلاف کارروائی کی گئی تھی۔ مئی 2024 میں سیکیورٹی اداروں نے ایک زیرزمین راک میوزک فیسٹیول پر چھاپہ مارا تھا، جہاں سے 260 سے زائد افراد کو حراست میں لیا گیا تھا۔
PNP
Comments are closed.