by Rao Imran Suleman
Rao Nama

مشرقِ وسطیٰ میں تناؤ عروج پر، ایران اور اسرائیل کے درمیان حملوں کا تبادلہ

ایران نے اسرائیل کو نشانہ بنا دیا

0

تہران (ویب ڈیسک) 8 جون 2026

بیروت پر اسرائیلی حملے کے بعد خطے میں کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے۔ اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران نے اسرائیلی علاقوں کی جانب متعدد میزائل داغے ہیں، جنہیں فضائی دفاعی نظام کے ذریعے روکنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

اسرائیلی فوج کے مطابق میزائل لانچ ہونے کا پتا چلتے ہی حیفا سمیت شمالی اسرائیل کے مختلف علاقوں میں خطرے کے سائرن بجا دیے گئے اور شہریوں کو حفاظتی ہدایات جاری کر دی گئیں۔

فوجی حکام کا کہنا ہے کہ ممکنہ مزید حملوں کے پیش نظر فوج ہائی الرٹ پر ہے اور آئندہ چند گھنٹوں کے دوران صورتحال پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے۔

اسرائیلی فوج کا یہ دعویٰ بیروت کے جنوبی مضافات پر کیے گئے اسرائیلی حملے کے بعد سامنے آیا ہے، جس میں جانی نقصان کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

ایرانی حکام پہلے ہی خبردار کر چکے تھے کہ لبنان کے دارالحکومت پر حملے کا جواب دیا جائے گا۔ دوسری جانب پاسدارانِ انقلاب نے اسرائیل کو متنبہ کیا ہے کہ لبنان پر حملے بند کیے جائیں، بصورتِ دیگر اسے مزید سنگین اور تباہ کن نتائج کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

دوسری جانب اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ ملک کے فضائی دفاعی نظام کو مکمل طور پر فعال کر دیا گیا ہے اور کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹنے کے لیے تمام سکیورٹی ادارے الرٹ ہیں۔ تازہ کشیدگی کے باعث پورے مشرقِ وسطیٰ میں صورتحال تشویشناک ہو گئی ہے، جبکہ عالمی برادری نے فریقین سے تحمل کا مظاہرہ کرنے اور تنازع کو مزید بڑھنے سے روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.