فلپائن: منڈاناؤ میں 7.8 شدت کا زلزلہ، جانی و مالی نقصان اور سونامی الرٹ جاری
فلپائن کے جنوبی جزیرے منڈاناؤ میں پیر کے روز 7.8 شدت کا شدید زلزلہ محسوس کیا گیا جس کے باعث علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق اس قدرتی آفت میں کم از کم 5 افراد جاں بحق جبکہ 4 زخمی ہوئے ہیں۔
زلزلے کے جھٹکے خاص طور پر جنرل سانتوس سٹی اور قریبی علاقوں میں انتہائی شدت سے محسوس کیے گئے، جس کے بعد شہری گھبرا کر گھروں، دفاتر اور تعلیمی اداروں سے باہر نکل آئے۔ متعدد مقامات پر عمارتوں کو نقصان پہنچنے اور بعض ڈھانچوں کے جزوی طور پر منہدم ہونے کی بھی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
بین الاقوامی زلزلہ مانیٹرنگ اداروں کے مطابق زلزلے کی گہرائی تقریباً 10 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی، جس کی وجہ سے سطح زمین پر جھٹکوں کی شدت مزید بڑھ گئی۔
دوسری جانب پیسیفک سونامی وارننگ سینٹر نے زلزلے کے بعد سونامی کا الرٹ جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ فلپائن سمیت انڈونیشیا، پلاؤ، تائیوان اور پاپوا نیو گنی کے کچھ ساحلی علاقوں میں آئندہ چند گھنٹوں میں غیرمعمولی سمندری لہریں پیداہوسکتی ہیں۔
سوشل میڈیا پر بھی زلزلے کے دوران کی ویڈیوز سامنے آ رہی ہیں جن میں عمارتوں کو زور دار جھٹکوں میں ہلتے اور بعض مقامات پر نقصان پہنچتے دیکھا جا سکتا ہے، تاہم ان مناظر کی آزاد ذرائع سے فوری تصدیق نہیں ہو سکی۔
حکام نے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور امدادی کارروائیاں شروع کر دی ہیں جبکہ نقصانات کا مکمل اندازہ لگانے کا عمل جاری ہے۔ مزید تفصیلات کا انتظار کیا جا رہا ہے کیونکہ صورتحال اب بھی بدل رہی ہے۔
PNP
Comments are closed.