’لگان‘ کے 25 سال مکمل ہونے پر عامر خان کا شاندار سرپرائز
بالی ووڈ کی تاریخ ساز فلم ’لگان‘ اپنی ریلیز کے 25 سال مکمل کرنے جا رہی ہے، اور اس یادگار موقع پر اداکار عامر خان ایک خاص تقریب کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ جشن محض فلمی ستاروں کی ملاقات تک محدود نہیں ہوگا بلکہ فلم کی تیاری میں کردار ادا کرنے والے ہر فرد کو اس کا حصہ بنایا جائے گا۔
رپورٹس کے مطابق 12 جون کو ’لگان‘ کو خصوصی طور پر دوبارہ سینما گھروں میں پیش کیا جائے گا، جبکہ اگلے روز 13 جون کو ممبئی کے ایک فائیو اسٹار ہوٹل میں فلم کی پوری ٹیم کے اعزاز میں ایک بڑی تقریب منعقد کی جائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس تقریب میں صرف مرکزی اور معاون اداکار ہی نہیں بلکہ تکنیکی عملے، یونٹ ممبران اور فلم کی تیاری میں حصہ لینے والے دیگر افراد کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔ اس منفرد ری یونین کا مقصد ان تمام لوگوں کو خراجِ تحسین پیش کرنا ہے جنہوں نے ’لگان‘ کو کامیابی کی بلندیوں تک پہنچانے میں کردار ادا کیا۔
ایک ذریعے نے بتایا کہ تقریب میں شریک ہونے والے افراد ماضی کی یادیں تازہ کریں گے، شوٹنگ کے دلچسپ واقعات شیئر کریں گے اور فلم سے وابستہ اپنی خاص یادوں کو ایک دوسرے کے ساتھ بانٹیں گے۔ رپورٹ کے مطابق 61 سالہ عامر خان بھی اس موقع پر اپنی پرانی ٹیم سے دوبارہ ملنے کے لیے بے حد پُرجوش ہیں۔
واضح رہے کہ اشوتوش گواریکر کی ہدایت کاری میں بننے والی ’لگان‘ 2001 میں ریلیز ہوئی تھی اور اسے بھارتی سینما کی کامیاب ترین فلموں میں شمار کیا جاتا ہے۔ برطانوی دورِ حکومت کے پس منظر میں بنائی گئی اس فلم کی کہانی ایک ایسے گاؤں کے گرد گھومتی ہے جو بھاری ٹیکس سے نجات حاصل کرنے کے لیے انگریز حکام کو کرکٹ میچ کا چیلنج دیتا ہے۔
فلم نے نہ صرف باکس آفس پر زبردست کامیابی حاصل کی بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی پذیرائی سمیٹی۔ ’لگان‘ کو آسکر ایوارڈ میں بہترین غیر ملکی فلم کی کیٹیگری کے لیے نامزد کیا گیا تھا، جو بھارتی سینما کے لیے ایک بڑا اعزاز سمجھا جاتا ہے۔
فلم کی مقبولیت میں اس کی شاندار کاسٹ کے ساتھ ساتھ معروف موسیقار اے آر رحمان کی موسیقی نے بھی اہم کردار ادا کیا، جس کے گیت آج بھی مداحوں میں یکساں مقبول ہیں۔
PNP
Comments are closed.