مظفرآباد کے قریب پاک فوج کا ایم آئی-17 ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار، تمام اہلکار شہید
ورڈ آف انکوائری تشکیل
مظفرآباد کے قریب پاک فوج کا ایم آئی-17 ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار، تمام اہلکار شہید
راولپنڈی (10 جون):
پاک فوج کا آرمی ایوی ایشن سے تعلق رکھنے والا ایم آئی-17 ہیلی کاپٹر مظفرآباد کے قریب معمول کی پرواز کے دوران ٹیک آف کرتے وقت تکنیکی خرابی کے باعث حادثے کا شکار ہوگیا، جس کے نتیجے میں ہیلی کاپٹر میں سوار تمام اہلکار شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق حادثہ آج پیش آیا جب ہیلی کاپٹر ٹیک آف کر رہا تھا کہ اچانک فنی خرابی پیدا ہونے کے باعث پائلٹ کنٹرول برقرار نہ رکھ سکا اور ہیلی کاپٹر زمین پر گر کر تباہ ہوگیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ حادثے کے فوراً بعد ریسکیو اور امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور امدادی سرگرمیاں شروع کی گئیں، تاہم ہیلی کاپٹر میں سوار تمام اہلکاروں کی شہادت کی تصدیق کر دی گئی۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق حادثے کی وجوہات کا تعین کرنے کے لیے بورڈ آف انکوائری تشکیل دے دیا گیا ہے، جو واقعے کے تمام تکنیکی اور آپریشنل پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لے گا۔
پاک فوج کے سربراہ سمیت مسلح افواج کے تمام افسران اور جوانوں نے حادثے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کی خدمات اور قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔ آئی ایس پی آر کے بیان میں شہداء کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار بھی کیا گیا۔
دریں اثنا، وزیراعظم شہباز شریف نے مظفرآباد کے قریب پیش آنے والے اس المناک حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہید اہلکاروں کی وطن کے لیے خدمات اور قربانیوں کو سراہا۔
وزیراعظم نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ پوری قوم اپنے بہادر سپوتوں کی عظیم قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے۔ انہوں نے شہداء کے درجات کی بلندی، مغفرت اور لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دعا بھی کی۔