by Rao Imran Suleman
Rao Nama

امریکی حملوں کے بعد ایران کا بھرپور جواب بحرین اردن اور کویت میں امریکی فوجی اڈوں پر میزائل داغ دیے۔

ایران نے اینٹ کاجواب پتھرسے دیدیا

0

تہران/منامہ/کویت سٹی، 11 جون (ویب ڈیسک)

ایران نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے امریکی حملوں کے جواب میں خلیجی خطے میں موجود امریکی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا ہے، جن میں بحرین میں قائم امریکی ففتھ فلیٹ اور کویت کے متعدد فوجی اڈے شامل ہیں۔

ایرانی خبر رساں اداروں مہر، فارس اور ارنا کے مطابق ایرانی فوج اور پاسدارانِ انقلاب نے ڈرون اور میزائل حملوں کی نئی کارروائیوں میں بحرین میں امریکی ففتھ فلیٹ سے متعلق بعض فوجی اور مواصلاتی اہداف کو نشانہ بنایا۔ ایرانی میڈیا کا کہنا ہے کہ حملوں میں کمیونیکیشن اینٹینا اور پیٹریاٹ دفاعی نظام کے ریڈار مراکز کو ہدف بنایا گیا۔
بحرین کی وزارتِ داخلہ نے فضائی خطرے کا الرٹ جاری کرتے ہوئے شہریوں اور غیر ملکی باشندوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے اور سرکاری ہدایات پر عمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ حکام نے صورتحال پر گہری نظر رکھنے کی اپیل بھی کی ہے۔

ادھر پاسدارانِ انقلاب نے اپنے بیان میں دعویٰ کیا ہے کہ امریکی فضائی حملوں کے جواب میں کویت اور بحرین میں واقع امریکی فوجی اڈوں پر بھی کارروائیاں کی گئی ہیں۔ ارنا کے مطابق دو مختلف آپریشنل لہروں کے دوران امریکی فوج سے متعلق 18 اہم اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔

بیان کے مطابق کویت میں علی السالم اور احمدالجابر ایئر بیسز جبکہ بحرین میں شیخ عیسیٰ ایئر بیس کو ہدف بنایا گیا۔ ایرانی حکام نے ان اہداف کو نقصان پہنچانے کا دعویٰ کیا ہے۔

تاہم امریکی حکام، بحرین اور کویت کی حکومتوں کی جانب سے ایرانی دعوؤں کی مکمل تصدیق یا ممکنہ نقصانات کی تفصیلات فوری طور پر جاری نہیں کی گئیں۔ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث سیکیورٹی الرٹ مزید سخت کر دیا گیا ہے جبکہ صورتحال پر عالمی سطح پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.