by Rao Imran Suleman
Rao Nama

بنگلہ دیش ملٹری اکیڈمی میں پاسنگ آؤٹ کی تقریب،کمانڈنٹ پاکستان ملٹری اکیڈمی کی خصوصی شرکت

اسلام آباد (پی این پی) بنگلہ دیش ملٹری اکیڈمی میں پاسنگ آؤٹ پریڈ کی پروقار تقریب منعقد ہوئی جس میں پاکستان ملٹری اکیڈمی کے کمانڈنٹ نے خصوصی شرکت کی۔

تقریب میں مختلف ممالک کے اعلیٰ عسکری حکام بھی شریک ہوئے اور نئے کیڈٹس کی کامیابیوں کو سراہا گیا۔ بنگلہ دیشی حکام کی خصوصی دعوت پر پاکستان ملٹری اکیڈمی کے کمانڈنٹ نے اس اہم تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان فوجی تعاون، پیشہ ورانہ روابط اور باہمی احترام کے جذبات کا اظہار بھی کیا گیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمانڈنٹ پاکستان ملٹری اکیڈمی نے کہا کہ نوجوان کیڈٹس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ میں شرکت ان کے لیے باعثِ اعزاز اور خوشی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دوستی، بھائی چارے اور احترام پر مبنی تعلقات ہمیشہ مضبوط رہے ہیں۔

انہوں نے بنگلہ دیش کو ایک خوبصورت ملک قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہاں کے عوام کی محبت، خلوص اور مہمان نوازی نے انہیں بے حد متاثر کیا ہے۔ ان کے مطابق اس اپنائیت کو الفاظ میں بیان کرنا مشکل ہے۔

کمانڈنٹ نے پاس آؤٹ ہونے والے کیڈٹس کو نصیحت کی کہ وہ محنت، لگن اور جدید ٹیکنالوجی کے حصول پر خصوصی توجہ دیں کیونکہ آنے والے دور میں کامیابی کا انحصار علم، مہارت اور تکنیکی برتری پر ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس تقریب میں پاکستان ملٹری اکیڈمی کی نمائندگی دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے دفاعی تعاون اور اعتماد کا مظہر ہے، جو پاکستان اور بنگلہ دیش کے مضبوط ہوتے تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔

PNP

Comments are closed.