by Rao Imran Suleman
Rao Nama

سرگودھا،بدفعلی کی شکایت پر 13سالہ بچے کو مبینہ طور پر زندہ دفن کرنے کی کوشش، تین بھائی گرفتار

سرگودھا (پی این پی)سرگودھا کے علاقے جھال چکیاں میں بدفعلی کی شکایت پر 13سالہ بچے کو مبینہ طور پر زندہ دفن کرنے کی کوشش کا افسوسناک واقعہ پیش آیا،

جس پر پولیس نے مقدمہ درج کرکے تین سگے بھائیوں کو گرفتار کر لیا۔پولیس ذرائع کے مطابق گاؤں ماڑی میں 13سالہ دانش نامی بچے نے مبینہ طور پر 20روز قبل اپنے ساتھ ہونے والی بدفعلی کی شکایت ایک ملزم کے بھائی سے کی تھی۔ الزام ہے کہ اس شکایت پر تین سگے بھائی قمر عباس، محمد امجد اور محمد وارث طیش میں آ گئے، انہوں نے بچے کو تشدد کا نشانہ بنایا اور بے ہوش سمجھ کر گڑھا کھود کر زندہ دفن کر دیا۔اطلاع ملنے پر ریسکیو ٹیم موقع پر پہنچی اور گڑھے سے رونے کی آواز سن کر بچے کو بروقت نکال کر طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا۔

متاثرہ بچے نے ابتدائی بیان میں بتایا کہ اسے تشدد کے بعد گڑھے میں دفن کیا گیا کیونکہ اس نے اپنے ساتھ مبینہ بدفعلی کے واقعے کی شکایت کی تھی۔تھانہ جھال چکیاں پولیس نے متاثرہ بچے کی والدہ سمیرا بی بی کی مدعیت میں ملزمان قمر عباس، محمد امجد اور محمد وارث کے خلاف تعزیراتِ پاکستان کی دفعات 324، 376(iii) اور 34 کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔پولیس نے تینوں ملزمان کو گرفتار کر کے واقعے کی مختلف پہلوں سے تفتیش شروع کر دی ہے، جبکہ بچے کا طبی معائنہ بھی کرایا جا رہا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

PNP

Comments are closed.