اورنگی ٹاؤن میں پیپلز پارٹی یو سی صدر کے قتل کیس کا مرکزی ملزم دو ساتھیوں سمیت گرفتار
ملزم نے پرانی دشمنی کا اعتراف کرلیا
کراچی: پاکستان بازار پولیس نے اورنگی ٹاؤن میں پیپلز پارٹی کے مقامی یونین کونسل کے صدر کے قتل کیس میں اہم پیش رفت کرتے ہوئے مرکزی ملزم سمیت تین افراد کو گرفتار کرلیا۔
ڈسٹرکٹ ویسٹ پولیس کے ترجمان کے مطابق قتل کیس میں ملوث ایک سہولت کار، موٹر سائیکل سوار عبدالحمید عرف کاکا، پہلے ہی گرفتار کیا جا چکا تھا، جبکہ مرکزی ملزم کی گرفتاری کے لیے پولیس مسلسل کارروائیاں کر رہی تھی۔ خفیہ اطلاع پر پاکستان بازار پولیس نے چھاپہ مار کارروائی کے دوران مرکزی ملزم اویس عرف کچی ولد عبدالستار کو گرفتار کرلیا۔ کارروائی کے دوران اس کے دو ساتھی روہان ولد عبدالجبار اور بلال عرف بلا ولد ندیم بھی پولیس کی حراست میں آگئے۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے زخمی فہد عرف شانی سے چھینا گیا پستول، قتل میں استعمال ہونے والا اسلحہ، ایک غیر قانونی پستول اور متعدد گولیاں برآمد کی گئی ہیں۔
ترجمان نے بتایا کہ ملزم اویس عرف کچی نے یکم جولائی کی شب سیکٹر 10 غوثیہ چوک میں قائم یو سی 5 کے دفتر پر فائرنگ کرکے یونین کونسل کے صدر فیصل عباسی کو قتل جبکہ فہد عباسی اور فہد عرف شانی کو زخمی کردیا تھا۔ واقعے کا مقدمہ مومن آباد تھانے میں قتل اور اقدام قتل کی دفعات کے تحت درج کیا گیا تھا۔
پولیس کے مطابق جائے وقوعہ سے حاصل ہونے والی سی سی ٹی وی فوٹیج میں بھی مرکزی ملزم اویس عرف کچی کو واردات کے لیے جاتے ہوئے واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔ دورانِ تفتیش ملزم نے اعتراف کیا کہ مقتول اور زخمیوں کے ساتھ اس کی طویل عرصے سے ذاتی رنجش چل رہی تھی، جس کے باعث اس نے فائرنگ کر کے واردات انجام دی۔
پولیس نے گرفتار ملزمان کا کرمنل ریکارڈ بھی حاصل کر لیا ہے۔ ریکارڈ کے مطابق ان کے خلاف مومن آباد تھانے میں اقدام قتل، غیر قانونی اسلحہ رکھنے، پولیس مقابلے اور گٹکا ماوا ایکٹ کے تحت متعدد مقدمات پہلے سے درج ہیں۔