by Rao Imran Suleman
Rao Nama

زیارت میں دہشت گردوں کا پولیس چوکی پر حملہ، 9 اہلکار شہید، جوابی کارروائی میں 15 دہشت گرد ہلاک

زیارت حملہ ناکام، سکیورٹی فورسز کا بھرپور جواب، 15 دہشت گرد مارے گئے

0

(ویب ڈیسک )زیارت: بلوچستان کے ضلع زیارت کے علاقے منگی (کچ مانگی فیز تھری) میں دہشت گردوں نے پولیس چوکی پر حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں 9 پولیس اہلکار شہید ہو گئے۔ سکیورٹی فورسز، بلوچستان پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مشترکہ کلیئرنس آپریشن کرتے ہوئے 15 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔

ایس پی زیارت کے مطابق دہشت گردوں نے رات گئے پولیس چوکی کو نشانہ بنایا، جس کے بعد پولیس اور دہشت گردوں کے درمیان کئی گھنٹوں تک شدید فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا۔ حملے میں شہید ہونے والوں میں دو ایس ایچ اوز بھی شامل ہیں۔

شہداء میں ایس ایچ او مانگی محمد حسین اور ایس ایچ او کواس صحبت خان سمیت مجموعی طور پر 9 پولیس اہلکار شامل ہیں۔ تمام شہداء کی میتیں ڈی ایچ کیو ہسپتال زیارت منتقل کر دی گئی ہیں، جبکہ واقعے کے بعد علاقے میں سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔

معاون وزیر اعلیٰ بلوچستان برائے اطلاعات شاہد رند نے بتایا کہ حملے کے بعد ایف سی، بلوچستان پولیس، سی ٹی ڈی، ایس او ڈبلیو اور اے ٹی ایف نے مشترکہ کلیئرنس آپریشن کیا، جس میں 15 دہشت گرد مارے گئے۔

انہوں نے بتایا کہ آپریشن کے دوران ڈی ایس پی غلام سرور سمیت 8 پولیس اہلکار دشوار گزار پہاڑی راستوں سے بحفاظت تھانہ کاچ پہنچ گئے، جبکہ کانسٹیبل رضوان کو بھی بحفاظت بازیاب کرا لیا گیا۔

شاہد رند نے کہا کہ دہشت گردوں کو بلوچستان کے امن سے کھیلنے کی بھاری قیمت چکانا پڑی ہے اور صوبے میں دہشت گردوں کے لیے کوئی محفوظ پناہ گاہ نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائیاں مزید مؤثر انداز میں جاری رہیں گی اور ہر حملے کا فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہید ہونے والے ایس ایچ اوز اور دیگر پولیس اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے شہداء کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔

وزیراعظم نے کامیاب کلیئرنس آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد بلوچستان کے امن، ترقی اور عوام کی خوشحالی کے دشمن ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ شہداء کا خون رائیگاں نہیں جائے گا اور دہشت گردوں کا مکمل احتساب کیا جائے گا۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی کارروائی میں 15 دہشت گردوں کی ہلاکت پر پولیس اور سکیورٹی فورسز کی بہادری کو سراہتے ہوئے کہا کہ اہلکاروں نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر دہشت گردوں کے مذموم عزائم ناکام بنا دیے۔ ان کا کہنا تھا کہ قوم اور سکیورٹی ادارے امن خراب کرنے کی ہر سازش کو ناکام بنانے کے لیے متحد ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بھی واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور متاثرہ خاندانوں سے اظہارِ تعزیت کیا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ پاکستان کے امن، استحکام اور بقا کی جنگ ہے، جس میں پوری قوم اپنی سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔

حملے کے بعد زیارت اور گردونواح میں سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے، جبکہ علاقے میں سرچ اور کلیئرنس آپریشن جاری ہے تاکہ دہشت گردوں کے سہولت کاروں اور ممکنہ فرار ہونے والے عناصر کو گرفتار کیا جا سکے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.