چین میں شدید بارشیں اور سیلاب، سیکڑوں سانپ اور مگرمچھ بہہ کر آبادی میں آگئے
اسلام آباد (پی این پی)چین میں شدید بارشوں اور طوفان میساک کے باعث پیدا ہونے والی سیلابی صورتحال نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے، جبکہ سیلابی ریلوں کے ساتھ سینکڑوں سانپ اور متعدد مگرمچھ آبادیوں تک پہنچ جانے سے عوام میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق جنوبی چین کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارشوں کے بعد سیلاب نے کئی شہروں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، جس کے نتیجے میں متعدد حادثات پیش آئے اور کئی افراد جان سے بھی ہاتھ دھو بیٹھے۔
خاص طور پر ہینگژو شہر میں سیلاب نے معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر کیے۔ پانی کے زور سے مختلف جانوروں کے فارمز کی حفاظتی دیواریں منہدم ہو گئیں، جس کے بعد تقریباً 900 سانپ باہر نکل گئے۔ ان میں سے متعدد سانپ قریبی رہائشی علاقوں میں داخل ہو گئے، جبکہ کئی مگرمچھ بھی سیلابی پانی میں بہتے ہوئے مختلف مقامات پر دیکھے گئے۔
رپورٹس کے مطابق فرار ہونے والے بیشتر سانپ زہریلی نسل سے تعلق رکھتے ہیں۔ اب تک متعدد افراد کے سانپ کے کاٹنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، جبکہ ایک خاتون کے ہلاک ہونے کی بھی تصدیق کی گئی ہے۔
مقامی حکام نے متاثرہ علاقوں میں احتیاطی اقدامات سخت کر دیے ہیں اور شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر سیلاب زدہ علاقوں کا رخ نہ کریں، جبکہ ریسکیو اور جانوروں کو پکڑنے کی کارروائیاں بھی مسلسل جاری ہیں۔
PNP
Comments are closed.