آزاد کشمیر میں صورتحال بہتر ہوئی تو انتخابات کے بائیکاٹ کے فیصلے پر نظرثانی کریں گے: بیرسٹر گوہر
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ اگر آزاد کشمیر میں صورتحال بہتر ہوئی تو ہم اپنے فیصلے پر نظرثانی کریں گے۔
راولپنڈی کے اڈیالہ جیل روڈ داہگل ناکے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر میں انتخابات کے بائیکاٹ کا ہمارا فیصلہ موجود ہے۔ ہمارا موقف ہے اگر آزاد کشمیر میں صورتحال بہتر ہوئی تو ہم اپنے فیصلے پر نظرثانی کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر کی صورتحال پر واضح موقف ہے، ہم ریاست مخالف بیانیے کیساتھ نہیں۔ ایکشن کمیٹی کے مطالبات کی حمایت کی لیکن ہم نہیں چاہتے کہ خون خرابہ ہو۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہم نے کہا تھا اپوزیشن رہنماؤں کو آزاد کشمیر جانے دیں تاکہ کوئی راستہ نکالا جائے۔ ملک ہمارا ہے، فوج ہماری ہے، اس ملک کو متحد رکھنا سب کی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان پر کوئی کمپرومائز نہیں، ملک دشمنوں کے خلاف متحد ہونا پڑے گا۔ ہم پہلے بھی کہہ چکے ہیں دہشتگردی ایک ناسور ہے، ہمارے شہدا قوم کے ہیرو ہیں، شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مئی 2025 کی پسپائی کے بعد بھارت پاکستان میں پراکسی وار شروع کرنا چاہتا ہے، ہم بحیثیت قوم دہشتگردی کے خلاف متحد ہیں۔
بانی پی ٹی آئی کے بارے میں بات کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے خلاف سارے کیسز سیاسی ہیں۔ تحریک انصاف 5 اگست کو کیا کرے گی یہ فیصلہ پارلیمانی اور پولیٹیکل کمیٹی کرے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی اور ان کے بھانجے کے بعد علیمہ خان کو بھی جیل میں ڈالا گیا تو کیا تاثر جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ 270 دن سے بانی پی ٹی آئی کیساتھ کسی کی ملاقات نہیں ہو رہی۔ ہم چاہتے ہیں بانی پی ٹی آئی کی فیملی کی ملاقاتیں بحال ہوں۔
PNP
Comments are closed.