محکمہ موسمیات کا مون سون 2026 آؤٹ لک جاری، گلیشیئرز پگھلنے کی رفتار بڑھنے کا خدشہ
اسلام آباد (پی این پی)پاکستان محکمہ موسمیات نے مون سون 2026 کے لیے ہندوکش، قراقرم اور ہمالیہ کے پہاڑی سلسلوں پر مشتمل خطے کا سیزنل آؤٹ لک جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ شمالی علاقوں میں معمول سے زیادہ درجہ حرارت کے باعث گلیشیئرز کے تیزی سے پگھلنے کا خدشہ موجود ہے،
جس سے دریاؤں میں پانی کی سطح بڑھ سکتی ہے۔ادارے کے مطابق گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور بالائی خیبرپختونخوا میں مون سون کے دوران معمول کے مطابق بارشوں کی توقع ہے، تاہم درجہ حرارت میں اضافے کے باعث برفانی تودوں اور گلیشیئرز کے پگھلنے کی رفتار تیز رہنے کا امکان ہے، جو مقامی سیلابی صورتحال کو جنم دے سکتی ہے۔محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ بعض علاقوں میں مختصر وقت میں ہونے والی شدید بارشیں فلیش فلڈ، لینڈ سلائیڈنگ اور ملبے کے ریلوں کا سبب بن سکتی ہیں، جبکہ گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے (گلوف) کے خطرات بھی بڑھ سکتے ہیں۔اعلامیے میں دریاؤں، ندی نالوں اور گلیشیئرز کے قریب آباد افراد کو خصوصی احتیاط برتنے کا مشورہ دیا گیا ہے، جبکہ متعلقہ اداروں کو موسمی صورتحال اور ممکنہ سیلاب پر مسلسل نظر رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ شہریوں سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ موسم سے متعلق سرکاری اطلاعات اور حفاظتی ہدایات پر عمل کریں۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے اپریل سے جون 2026 کے دوران ہونے والی پری مون سون بارشوں کی رپورٹ بھی جاری کی ہے۔ رپورٹ کے مطابق اس عرصے میں ملک بھر میں بارشیں معمول کے مقابلے میں مجموعی طور پر 13 فیصد زیادہ ریکارڈ کی گئیں، جبکہ اوسط بارش 73 ملی میٹر رہی۔اعداد و شمار کے مطابق پنجاب میں معمول سے 23 فیصد، خیبرپختونخوا میں 15 فیصد، آزاد کشمیر میں 10 فیصد اور بلوچستان میں 10 فیصد زائد بارش ہوئی، جبکہ سندھ میں بارشیں تقریباً معمول کے مطابق رہیں۔ اس کے برعکس گلگت بلتستان میں پری مون سون بارشیں معمول سے 17 فیصد کم ریکارڈ کی گئیں۔
PNP
Comments are closed.