by Rao Imran Suleman
Rao Nama

ایک رہنما کو ادراک ہو گا کہ انکے کس بیان کو دشمن ملک سرخی بنا رہا ہے: خالد مقبول صدیقی

کراچی(پی این پی)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے چیئرمین ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ ایک قومی رہنما کو ادراک ہو گا کہ ان کے کس بیان کو دشمن ملک سرخی بنا رہا ہے، میں سمجھتا ہوں مولانا فضل الرحمٰن وضاحت پیش کریں گے۔

روزنامہ جنگ کے مطابق کراچی میں ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماؤں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جمہوری ملک میں سیاسی جماعتوں کو اختلاف کی بات کرنے کی اجازت ہے، ہر نقطۂ نظر بیان کرنے کی حد ہوتی ہے کہ اس سے قومی بیانیہ متاثر نہ ہو۔

خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ہم سب کو اپنی قومی ذمے داری ادا کرنی چاہیے، ہمیں سیاسی بلوغت کا خیال رکھنا چاہیے، سوچنا چاہیے کہ ہمارے بیانیے سے دشمن کو خوش ہونے کا موقع نہ ملے۔

انہوں نے کہا کہ کیا ایسا بیانیہ ہونا چاہیے کہ جو قومی بیانیے کی نفی کرتا ہو؟ وہ آگ جو ہمارے خطے میں بڑھ رہی تھی وہ افواجِ پاکستان کی کوششوں سے رکی، ایسے موقع صدیوں میں قوموں کو خدا دیتا ہے، اس کی حفاظت کیجیے۔

ایم کیو ایم پاکستان کے چیئرمین نے کہا کہ معرکۂ حق کے ایک سال بعد اپنے خطے کی قیادت کرتے نظر آ رہے ہیں، ملک کو جو عزت اور وقار ملا ہے اس کو ایسے بیانات سبوتاژ کر رہے ہیں۔

خالد مقبول صدیقی نے یہ بھی کہا کہ ایم کیو ایم کی جانب سے کبھی ایسی کوئی بات نہیں کی گئی، ہم پاکستان زندہ باد کے نعرے کے ساتھ کھڑے ہیں۔



PNP

Comments are closed.