by Rao Imran Suleman
Rao Nama

گورنر سندھ کی فضل الرحمان کے شہدا سے متعلق بیان کی مذمت الفاظ واپس لینے کا مطالبہ

کراچی (پی این پی) گورنر سندھ نہال ہاشمی نے مولانا فضل الرحمان سے حالیہ متنازع بیان کو فوری طور پر واپس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہدا کی بے حرمتی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، کیونکہ ’شہید کی جو موت ہے وہ قوم کی حیات ہے‘۔

انہوں نے واضح کیا کہ شہید ایک آفاقی لفظ ہے اور وطنِ عزیز کی خاطر جان قربان کرنے والے غازی اور شہدا پوری قوم کا فخر ہیں، جن کے شانہ بشانہ پوری قوم متحد کھڑی ہے۔مولانا فضل الرحمان کو اپنے بیان پر شاید اب ندامت ہو رہی ہو گی، لہٰذا اگر کبھی زبان پھسل جائے تو اخلاقی جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی بات واپس لے لینی چاہیے۔

گورنر سندھ نے شہدا کے عظیم مرتبے پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ  ’مال لینا اور کسی بات کو مان لینا بہت آسان ہے، لیکن وطن کی خاطر اپنی جان کا نذرانہ پیش کرنا دنیا کا سب سے مشکل ترین کام ہے۔‘شہید کا رتبہ انتہائی بلند ہے اور قرآنِ پاک میں بھی شہید کو مردہ کہنے سے سختی سے منع فرمایا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملکی وقار، سلامتی اور عزت ہم سب کے لیے مقدم ہونی چاہیے۔

پاک فوج کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے نہال ہاشمی نے کہا کہ افواجِ پاکستان کے جوان وطنِ عزیز کے دفاع کے لیے ایسے کٹھن اور سنگلاخ پہاڑوں، گھنے جنگلوں اور موسم کی سخت ترین پامالیوں کو برداشت کرتے ہیں جہاں عام انسان کا جانا تو دور کی بات، سوچنا بھی محال ہے۔انہوں نے اعادہ کیا کہ پاکستان ایک امن پسند اور رواداری کا داعی ملک ہے اور اس کا وجود رہتی دنیا تک قائم و دائم رہے گا۔

پریس کانفرنس کے دوران گورنر سندھ نے اس بات پر بھی زور دیا کہ اسلام امن اور رواداری کا دین ہے۔ انہوں نے علمائے کرام پر زور دیا کہ وہ معاشرے میں امن، محبت اور بھائی چارے کے پیغام کو مزید مؤثر اور بہتر انداز میں پھیلانے کے لیے اپنا کلیدی کردار ادا کریں، تاکہ ملک کو انتشار اور نفرت انگیز بیانیوں سے بچایا جا سکے۔



PNP

Comments are closed.