by Rao Imran Suleman
Rao Nama

ویسٹ انڈیز کے لیجنڈری آل راؤنڈر سر گیری سوبرز انتقال کر گئے

ویسٹ انڈیز کے لیجنڈری آل راؤنڈر سر گارفیلڈ سوبرز عرف گیری سوبرز 89 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔ 

دُنیائے کرکٹ کے عظیم آل راؤنڈر فرسٹ کلاس کرکٹ میں ایک اوور میں چھ چھکے لگانے والے پہلے کھلاڑی تھے، انہوں نے اپنے عہد میں ٹیسٹ کرکٹ کی سب سے بڑی انفرادی اننگز کھیلنے کا ریکارڈ بھی بنایا۔ 

سر گیری سوبرز کا شمار کرکٹ کی تاریخ کے بہترین آل راؤنڈرز میں کیا جاتا ہے۔ جو مایہ ناز بلے بازی کے ساتھ ساتھ تیز اور اسپن بولنگ دونوں میں یکساں مہارت رکھتے تھے اور ایک شاندار فیلڈر بھی تھے۔

انہوں نے 1958ء میں پاکستان کے خلاف کھیلتے ہوئے اپنے کیریئر کی پہلی ٹیسٹ سنچری کو 365 رنز ناٹ آؤٹ کی تاریخی اننگز میں بدلا۔

یہ ریکارڈ 36 سال تک ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ کا سب سے بڑا انفرادی اسکور رہا جسے بعد میں ان کے ہم وطن کھلاڑی برائن لارا نے توڑا۔

یہی نہیں بلکہ سر گیری سوبرز دنیا کے وہ پہلے بلے باز ہیں جنہوں نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں ایک اوور کی تمام 6 گیندوں پر 6 چھکے مارنے کا ناقابلِ یقین کارنامہ 1968ء میں ناٹنگھم شائر کی طرف سے کھیلتے ہوئے انجام دیا۔

سر گیری سوبرز نے اپنے طویل انٹرنیشنل کیریئر کے دوران 93 ٹیسٹ میچز میں ویسٹ انڈیز کی نمائندگی کی اور 57.78 کی شاندار اوسط سے 8,032 رنز بنائے۔ انہوں نے اپنے کیریئر کے دوران 26 سنچریاں بھی اسکور کیں۔ انہوں نے اپنی جادوئی بولنگ سے 235 وکٹیں بھی حاصل کیں۔

سر گیری سوبرز نے 1965 سے 1972 کے دوران 39 ٹیسٹ میچز میں ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کی کپتانی کی اور اپنی جارحانہ قیادت سے ویسٹ انڈیز کو دنیا کی مضبوط ترین ٹیموں میں سے ایک بنادیا۔

کرکٹ کی دنیا میں ان کی بےمثال خدمات کے اعتراف میں 1975ء میں ملکہ برطانیہ نے انہیں ‘نائٹ ہڈ’ (سر) کے اعزاز سے نوازا۔

اس کے علاوہ انہیں صدی کے پانچ بہترین کرکٹرز ’وزڈن کرکٹرز آف دا سنچری‘ میں شامل کیا گیا۔



PNP

Comments are closed.