by Rao Imran Suleman
Rao Nama

کراچی؛گڈز ٹرانسپورٹ کرایوں میں 15 فی صد اضافے کا اعلان

کراچی (پی این پی)پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس نے گڈز ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 15 فی صد اضافے کا اعلان کر دیا ہے۔

نجی ٹی وی چینل اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی میں صدر پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس ملک شہزاد اعوان نے مطالبہ کیا کہ ٹول ٹیکس اور ود ہولڈنگ ٹیکس واپس لیے جائیں، کیوں کہ گڈز ٹرانسپورٹرز کو کوئی ریلیف نہیں دیا جا رہا۔

انھوں نے کہا کہ ٹول ٹیکس، ود ہولڈنگ ٹیکس اور چالان ختم کیے جائیں، حکومتی پالیسیوں کے باعث ٹرانسپورٹرز اپنی گاڑیاں کھڑی کرنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔

ملک شہزاد اعوان نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں ٹرانسپورٹ شعبے کے لیے فوری ریلیف ناگزیر ہے۔

واضح رہے کہ حکومت نے پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل مزید مہنگا کر دیا ہے، پیٹرول کی قیمت میں 5 روپے 44 پیسے فی لیٹر کا اضافہ کیا گیا، جب کہ ڈیزل کی قیمت میں 31 روپے 5 پیسے فی لیٹر اضافے کا اعلان کیا گیا۔

پیٹرول کی نئی قیمت 316 روپے 15 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے، ڈیزل کی نئی قیمت 354 روپے 35 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔ واضح رہے کہ نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتیں 18 سے 20 جولائی تک کے لیے ہیں۔

مٹی کا تیل بھی 34 روپے 33 پیسے فی لیٹر مہنگا کر دیا گیا ہے۔ اوگرا نے نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ مٹی کے تیل کی نئی فی لیٹر قیمت 276 روپے 66 پیسے مقرر کر دی گئی ہے، اس سے قبل مٹی کے تیل کی قیمت 242 روپے 33 پیسے فی لیٹر تھی۔



PNP

Comments are closed.