راولپنڈی ،تعلیمی بورڈ کے اکائونٹ سے 52لاکھ نکلوانے کی کوشش ناکام، خاتون گرفتار
راولپنڈی (پی این پی)راولپنڈی میں تعلیمی بورڈ کے اکائونٹ سے 52لاکھ 45ہزار روپے نکلوانے کی مبینہ کوشش ناکام بنا دی گئی۔
بینک عملے کی مستعدی سے ایک خاتون کو گرفتار کرکے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔ایف آئی آر کے مطابق ملزمہ قر العین تعلیمی بورڈ کے نام پر ڈرافٹ بنوانے کیلئے بینک پہنچی اور اپنے ساتھ تعلیمی بورڈ کا ایک لیٹر بھی لائی۔ بینک عملے نے لیٹر میں رقم کی غلطی کی نشاندہی کرتے ہوئے درستی کروانے کا کہا، جس پر خاتون چند منٹ بعد دوسرا لیٹر لے کر واپس آگئی۔ دوسرے لیٹر پر بینک عملے کو شبہ ہوا جس کے بعد تصدیق کیلئے راولپنڈی تعلیمی بورڈ کی متعلقہ برانچ سے رابطہ کیا گیا۔ تعلیمی بورڈ نے لیٹر کو جعلی قرار دے دیا، جس پر فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی گئی۔بینک منیجر کامران سعید کی مدعیت میں ملزمہ کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا، جس میں تعزیراتِ پاکستان کی دفعات 420، 468 اور 471 شامل کی گئی ہیں۔
پولیس نے ملزمہ قر العین، جو ضلع چکوال کی رہائشی بتائی جاتی ہے اسے گرفتار کر کے عدالت میں پیش کیا، جہاں سے اسے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا۔پولیس واقعے کے دیگر پہلوں اور ممکنہ سہولت کاروں کی بھی تحقیقات کر رہی ہے۔
PNP
Comments are closed.