by Rao Imran Suleman
Rao Nama

والدہ کو عمرہ ویزے پر ساتھ لے جا کر یورپ جانے کی کوشش ناکام، 4 مسافر آف لوڈ

اسلام آباد(پی این پی)وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے)نے اسلام آباد ایئر پورٹ پر عمرہ ویزے پر سعودی عرب جانے والے چار مسافروں کو مشتبہ غیر قانونی امیگریشن کی کوشش پر آف لوڈ کر دیا۔

ایف آئی اے کے مطابق سیکنڈری پروفائلنگ کے دوران مسافروں کے سفری دستاویزات کی تفصیلی جانچ کی گئی جس سے معلوم ہوا کہ ایک مسافر کو پہلے بھی ترکی میں غیر قانونی داخلے کی کوشش پر ڈیپورٹ کیا جا چکا ہے، جبکہ دو دیگر مسافروں کے قبضے سے آذربائیجان کے وزٹ ویزے بھی برآمد ہوئے۔مزید تفتیش اور موبائل فونز کی فورنزک جانچ کے دوران انکشاف ہوا کہ دو مسافر اپنی والدہ کو عمرہ کرانے کے بہانے سعودی عرب لے جا رہے تھے، جہاں سے والدہ کو واپس پاکستان بھیجنے اور خود یورپ جانے کا منصوبہ بنایا گیا تھا۔

چیٹ ریکارڈ کے مطابق مسافروں نے باکو-سربیا روٹ کے ذریعے یورپ پہنچنے کی منصوبہ بندی کر رکھی تھی اور وہ مبینہ طور پر انسانی اسمگلنگ نیٹ ورک کے ایجنٹس سے مسلسل رابطے میں تھے۔

PNP

Comments are closed.