by Rao Imran Suleman
Rao Nama

آبنائے ہرمز میں ایک آئل ٹینکر میں دھماکا،دو جہاز واپس لوٹ گئے،پاسدارانِ انقلاب کا دعویٰ

ایران کی پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ آبنائے ہرمز کے قریب ایک تیل بردار جہاز بارودی سرنگ سے ٹکرا کر دھماکے کا شکار ہوگیا، جبکہ اس کے بعد مزید دو آئل ٹینکروں نے اپنا سفر روک کر واپس رخ موڑ لیا۔

پاسدارانِ انقلاب کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ تین تیل بردار جہاز آبنائے ہرمز کے جنوبی حصے سے گزرنے کی کوشش کر رہے تھے۔ ایرانی دعوے کے مطابق یہ راستہ بارودی سرنگوں سے متاثر تھا اور جہازوں نے مبینہ طور پر امریکی فوج کی ترغیب پر اس راستے کا انتخاب کیا۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ ایک جہاز میں دھماکے کے بعد شدید آگ بھڑک اٹھی، جس کے نتیجے میں دیگر دو ٹینکروں نے فوری طور پر اپنا راستہ تبدیل کرتے ہوئے واپس جانے کا فیصلہ کیا۔

تاہم اس واقعے کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی۔ اب تک کسی بین الاقوامی بحری ادارے یا متعلقہ حکام نے ایسے کسی جہاز کے بارودی سرنگ سے ٹکرانے یا آگ لگنے کی باضابطہ تصدیق جاری نہیں کی۔

یہ بھی واضح نہیں کہ پاسدارانِ انقلاب کی جانب سے بیان کیا گیا واقعہ یمن کی حوثی تنظیم کے اس دعوے سے متعلق ہے یا نہیں، جس میں حوثیوں نے دو سعودی آئل ٹینکروں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا تھا۔

خطے میں جاری کشیدگی کے باعث آبنائے ہرمز اور بحیرہ احمر میں بحری سرگرمیوں پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے، جبکہ مختلف فریقین کے دعوؤں کی آزادانہ تصدیق کا انتظار ہے۔

PNP

Comments are closed.