پنشن اور ریٹائرمنٹ فوائد کسی ادارے کی صوابدیدی نہیں بلکہ قانونی حق ہے،سندھ ہائیکورٹ کا مرحوم افسراکے لواحقین کو واجبات ادا کرنے کا حکم
کراچی(پی این پی)سندھ ہائیکورٹ نے واجبات کی عدم ادائیگی کے کیس میں ریمارکس دیتے ہوئے کہا ہے کہ پنشن اور ریٹائرمنٹ فوائد کسی ادارے کی صوابدیدی نہیں بلکہ قانونی حق ہے،واجبات کی بروقت ادائیگی ریاستی اداروں کی آئینی ذمے داری ہے،ادارے کی مالی مشکلات ملازمین کوتسلیم شدہ حقوق سے محروم رکھنے کا جواز نہیں بن سکتیں۔
نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کے مطابق سندھ ہائیکورٹ میں کے ڈی اے کے مرحوم افسر کے لواحقین کو واجبات کی عدم ادائیگی کیس کی سماعت ہوئی،عدالت نے کے ڈی اے کو واجبات کی ادائیگی کا حکم دیدیا۔
دوران سماعت وکیل درخواست گزار نے کہاکہ کے ڈی اے نے واجبات تسلیم کرنے کے باوجودادائیگی نہیں کی،وکیل کے ڈی اے نے کہاکہ کے ڈی اے ابتک 3لاکھ 50ہزار روپے ادا کر چکا ہے،ادائیگی میں تاخیر مالی مشکلات کے باعث ہوئی،سندھ حکومت سے 5ارب روپے کی گرانٹ طلب کی گئی ہے۔
عدالت نے کہاکہ ریکارڈ کے مطابق مرحوم افسر کے واجبات ان کی زندگی میں ادا نہیں کئے گئے ،درخواست گزار قانونی وارث ہونے کے باعث واجبات کی حقدار ہیں،پنشن اور ریٹائرمنٹ فوائد کسی ادارے کی صوابدیدی نہیں بلکہ قانونی حق ہے،واجبات کی بروقت ادائیگی ریاستی اداروں کی آئینی ذمے داری ہے،ادارے کی مالی مشکلات ملازمین کوتسلیم شدہ حقوق سے محروم رکھنے کا جواز نہیں بن سکتیں۔
عدالت کا مزید کہناتھا کہ سرکاری ادارے مالی اور انتظامی امور بہتر انداز میں چلانے کے پابند ہیں،کے ڈی اے درخواست گزار کو واجبات کی مد میں ایک کروڑ10لاکھ روپے ادا کرے،عملدرآمد رپورٹ رجسٹرار سندھ ہائیکورٹ کو پیش کی جائے۔
PNP
Comments are closed.