by Rao Imran Suleman
Rao Nama

خالد مقبول صدیقی اور مصطفیٰ کمال کی باہمی کشمکش نے ایم کیو ایم کو کمزور کر دیا: پیپلز پارٹی میرپورخاص

ایم کیو ایم کی سیاست سیاسی سرکس بن چکی ہے، عوام تقسیم کی سیاست مسترد کر چکے: پیپلز پارٹی

0

میرپورخاص: پاکستان پیپلز پارٹی میرپورخاص ڈویژن کے اطلاعات سیکریٹری کی جانب سے جاری کردہ بیان میں پارٹی رہنماؤں میر طارق تالپور اور ڈاکٹر مہیش ملانی نے ایم کیو ایم کی سیاست، سندھ کی وحدت اور لسانی سیاست کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

میر طارق تالپور نے کہا کہ دراصل خالد مقبول صدیقی مصطفیٰ کمال سے الگ ہونا چاہتے ہیں، جبکہ مصطفیٰ کمال بھی خالد مقبول صدیقی سے علیحدہ سیاسی راستہ اختیار کرنے کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آفاق احمد بھی ان دونوں سے الگ ایک آزاد ایم کیو ایم چاہتے ہیں، جس سے واضح ہوتا ہے کہ ایم کیو ایم شدید اندرونی اختلافات کا شکار ہے۔

انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کی وحدت، بھائی چارے اور صوبے کے آئینی حقوق کے تحفظ کے لیے ہر محاذ پر ثابت قدم ہے اور سندھ کی تقسیم کا ہر منصوبہ ناقابلِ قبول ہے۔

ڈاکٹر مہیش ملانی نے کہا کہ سندھ کی تقسیم، شہری سندھ کی علیحدگی، اردو زبان اور مہاجر کارڈ جیسے نعرے اب عوام کو گمراہ نہیں کر سکتے اور نہ ہی 2026 میں ان کی کوئی سیاسی اہمیت باقی رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کی سیاست ایک سیاسی سرکس بن چکی ہے اور عوام نفرت، تعصب اور تقسیم کی سیاست کو مسترد کر چکے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ سندھ ایک تھا، ایک ہے اور ایک ہی رہے گا۔ سندھ کا ہر بیٹا اور ہر بیٹی، خواہ وہ کسی بھی زبان سے تعلق رکھتا ہو، سندھ کا فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے وژن کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی عوامی خدمت، ترقی، بھائی چارے، قومی یکجہتی اور سندھ کی وحدت پر کامل یقین رکھتی ہے اور صوبے کی تقسیم یا لسانی بنیادوں پر کی جانے والی ہر سیاست کا جمہوری، آئینی اور سیاسی انداز میں مقابلہ کرتی رہے گی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.